ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ،سکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی گرفتاری کی تصدیق کر دی،درخواست ضمانت مسترد ،شواہد مضبوط ہونے کے باعث درخواست مسترد کی گئی ہے ، ذرائع، گرفتاری بارے حکومت پاکستان کو بھی آگاہ کردیا گیا،الطاف حسین کے لندن چھوڑنے پابندی لگا دی گئی ،پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا گیا،الطاف حسین کو نارتھ ویسٹ میں واقع ایک گھر سے گرفتار کیا گیا،سپیشل برانچ نے یہ آپریشن کیا ، آپریشن میں سکاٹ لینڈ یارڈ کے پچاس سے ساٹھ اہلکاروں نے حصہ لیا ، دوران آپریشن گرفتاری کے مقام سے کچھ رقم بھی قبضے میں لے لی گئی ہے،سکاٹ لینڈ یارڈ ، الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد کراچی سٹاک ایکسچینج شدید مندی کا شکار ہوگئی،کے ایس ای 100انڈکس 29260 کی سطح پر آگیا،کراچی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروباری مراکز بند ہوگیا

بدھ 4 جون 2014 06:59

لندن،کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے قائد الطاف حسین کو لندن سے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیا گیا ، انہیں نارتھ ویسٹمیں واقع ایک گھر سے گرفتار کیا گیا جبکہ سکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی الطاف حسین کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو بھی آگاہ کردیا ہے وزارت داخلہ کو بھی برطانوی حکام نے ان کی گرفتاری سے متعلق بتا دیا ہے الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد کراچی سٹاک ایکسچینج شدید مندی کا شکار ہوگئی اور کے ایس ای 100انڈکس 29260 کی سطح پر آگیا ۔

الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی ا جلاس طلب کرلیا گیا ہے ادھر کراچی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروباری مراکز بند کردیئے گئے اور کئی علاقوں میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ کے سربراہ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے تحقیقات جاری تھیں ۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ساٹھ سالہ ایک پاکستانی شخص کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سے منسلک منی لانڈرنگ کے جو الزامات ہیں اس کی تحقیقات کے سلسلے میں لندن کے علاقے نارتھ ویسٹ سے ان کی رہائش گاہ میں گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سپیشل برانچ نے یہ آپریشن کیا ہے آپریشن میں سکاٹ لینڈ یارڈ کے پچاس سے ساٹھ اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ دوران آپریشن گرفتاری کے مقام سے کچھ رقم بھی قبضے میں لے لی گئی ہے اس سے قبل میٹرو پولیٹن پولیس نے اسی علاقے سے ایک ایک گھر پر آپریشن کیا تھا جہاں سے دو لاکھ اسی ہزار پاؤنڈز کی رقم قبضے میں لی گئی تھی ۔

میٹرو پولیٹن حکام کاکہنا تھا کہ الطاف حسین کیخلاف عمران فاروق قتل کیس سے متعلق منسلک منی لانڈرنگ کیس کی سماعت گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری تھی جبکہ الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد حکومت پاکستان کو بھی آگاہ کیا گیا ہے ادھر برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ برطانوی میٹرو پولیٹن پولیس کا ہے اور پولیس کے تحقیقاتی عمل پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ۔

الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد کراچی سٹاک ایکسچینج میں بھی زبردست مندی آگئی اور کے ایس ای 100 انڈکس 29260کی سطح پر آگیا ۔ الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی رابطہ کمیٹی کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کی فوری طورپر تصدیق نہیں کرسکتے کہ الطاف حسین کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم اگر ایسا ہوا تو وہ اس اقدام کیخلاف بھرپور احتجاج کرینگے ادھر بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی گرفتاری میں کوئی سچائی نہیں اس حوالے سے رپورٹیں بے بنیاد ہیں الطاف حسین پولیس سٹیشن میں نہیں ہیں سکاٹ لینڈ یارڈ نے درخواست کی تھی کہ وہ الطاف حسین کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں جس کو گرفتاری کا رنگ دے دیا گیا علاوہ ازیں الطاف حسین کی کراچی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروباری مراکز کو بند کردیا گیا اور مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں ۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کی تردید کی ہے اور واضح کیا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین اپنے گھر پر تاحال موجود ہیں اور ایم کیوایم کے وکلاء پولیس سے رابطے میں ہیں ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے تمام کارکنوں ، ماؤں، بہنوں ، بزرگوں ، نوجوانوں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں ، ہر قیمت پر پرامن رہیں ،اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ،افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی صورت ایسا عمل نہ کریں جو قائد تحریک الطاف حسین کی امن پسندی کی تعلیمات کے خلاف ہواور عوام و کارکنان حالات سے آگاہ رہنے کیلئے ایم کیوایم کے مرکز سے رابطہ میں رہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایم کیوایم لندن سیکریٹریٹ سے منگل کے روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میڈیا کے نمائندگان کو ہنگامی پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز انجینئرز ناصر جمال ، ڈاکٹر نصرت اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے تمام اراکین بھی موجود تھے ۔

ندیم نصرت نے کہاکہ پولیس کا کہناہے کہ الطاف حسین کوپولیس اسٹیشن لے جانا چاہتے ہیں جہاں الطاف حسین سے منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کرناچاہتے ہیں ، قائد تحریک الطاف حسین کئی روز سے علیل ہیں ، گزشتہ روز لندن میں ہنگامی اجلاس کیا گیا ،کراچی میں بھی رابطہ کمیٹی سے الطاف حسین کی طبیعت کے حوالے سے بات ہوئی ، الطاف حسین کی طبعیت بالکل صحیح نہیں ہے تین چار روز سے بیماری کے باعث صحیح طریقے سے گفتگو بھی نہیں کر پارہے تھے ، الطاف حسین کو ہارٹ کی پرابلم ہے ، شوگر ، ہائی بلڈ پریشر ہے ، دو تین ہفتے پہلے ان کے پاؤں کی تیسری سرجری ہوئی ، چل پھرنہیں پا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کی اس تمام طبی صورتحال پر ہم نے اجلاس کیا اور الطاف حسین کے معالجین سے رابطہ کیا ، ذاتی معالج فوری طور پرقائد تحریک الطاف حسین کے گھر پہنچے جنہوں نے الطاف حسین کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویزدی ، معالجین نے طے کیا کہ الطاف حسین کو علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کیا جائے جہاں چند روز وہ زیر علاج رہیں گے اس دوران ان کے ٹیسٹ لئے جائیں گے لیکن آج بروز منگل جب الطاف حسین اسپتال جانے کیلئے تیار ہوئے تو پولیس پہنچ گئی اور پولیس کا کہنا تھا کہ تفتیش کرنا چاہتی ہے ، پولیس کے پاس سرچ وارنٹ تھا ، الطاف حسین کے گھر کی تلاشی کا عمل جاری ہے اور قائد تحریک الطاف حسین اپنے گھر پرتاحال موجود ہیں اور ہمارے وکلاء پولیس سے رابطے میں ہیں ۔

ندیم نصرت نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کروڑوں عوام کے رہنما ہیں ہم تمام کارکنان الطاف حسین سے جو عقیدت رکھتے ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ، الطاف حسین نے ہمیشہ امن پسندی اور پرامن جدوجہد کا درس دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر الطاف حسین کی گرفتاری کی خبروں سے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے عوام و کارکنان میں جو شدید دکھ ،صدمہ تشویش پائی جاتی ہے اس کا بخوبی احساس ہے ۔

ندیم نصرت نے کہا کہ ملک و قوم جن حالات سے گزر رہے ہیں اس میں ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے ، ایم کوایم ذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہے ، میڈیا بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور کوئی ایسی چیز خدارا رپورٹ نہ کرے جس سے عوام میں اشتعال پھیلے ۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے لندن چھوڑنے پابندی لگا دی گئی ۔پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا گیا ۔برطانوی میڈیا کے مطابق الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد پولیس نے ان پر لندن چھوڑنے پر پابندی لگا دی ہے اور ان کا برطانوی پاسپورٹ اور دیگر کاغذات پولیس نے گرفتار ی کے وقت اپنے قبضے میں لے لئے ہیں ۔

الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے کیس میں گرفتار کیا گیا جس کی تفتیش ڈیڑھ سال سے جاری تھی۔منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی ۔ درخواست وکلاء نے جمع کرائی تھی الطاف حسین لندن میں پولیس کی تحویل میں ہیں ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الطاف حسین پر منی لانڈرنگ کے لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ الطاف حسین کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کئے جانے کی تاحال وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کیخلاف شواہد مضبوط ہونے کی وجہ سے درخواست مسترد کی گئی ہے لندن پولیس نے اپنا ہوم ورک مکمل کررکھا ہے ۔