لبریشن فرنٹ کا مقبوضہ کشمیر میں ”کشمیر چھوڑدو مہم“ شروع کر نے کا اعلان،تحریک آزادی کو کمزور یا ختم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘ یاسین ملک

پیر 2 جون 2014 07:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے تحریک آزادی کشمیر کو تیز اور مضبوط کرنے کیلئے ”کشمیر چھوڑدو“ مہم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 کاغبارہ چھوڑ کر بھارتی حکمران دراصل یہاں آزادی کی تحریک کے حوالے سے بیانیہ تبدیل کرنا چاہتے ہیں نیز آزادی کے نعرے کو ریاست و مرکز کے مابین رشتے پر بحث میں مبذ ول کرکے مزاحمتی تحریک کو ختم کردینا چاہتے ہیں۔

اس کام کیلئے بھارت نواز سیاست کاروں کو کام پر لگادیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ تحریک آزادی کے اندر نئی جان پیدا کرنے کی غرض سے دستخطی مہم اور سفر آزادی اور جیل بھرو تحریکوں کی طرز پر “کشمیر چھوڑ دو“ تحریک شروع کرے گی۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی کی سربراہی میں نئی حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور بھارت کی آزادی کے 67 سال کے بعد آج بھارتی عوام نے بی جے پی‘ آر ایس ایس اور جن سنگھ کو پہلی بار بھاری مینڈیٹ دے کر حکمرانی کا موقع بخشا ہے۔

اس سوچ کا 1947ء کے بعد سے ایجنڈا رہا ہے کہ بھارت میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ ہو‘ رام مندر کی تعمیر ہو اور جموں و کشمیر کے عوام کی مرضی و منشاء کے برعکس اسے بھارتی ریاست میں مکمل طور پر ضم کیا جائے۔ یاسین ملک نے کہا کہ لبریشن فرنٹ اس صورتحال اور تحریک آزادی کے بیانیہ اور آزادی کی تحریک کو ریاست و مرکز کے مابین رشتے کی بحث بناکر یہاں لاکھوں شہداء کی قربانیوں سے عبارت تحریک آزادی کو کمزور اور ختم کرنے کی منظم سازش کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اس کیخلاف سفر آزادی و دستخطی مہم اور جیل بھرو تحاریک کی مانند کشمیر چھوڑدو تحریک شروع کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :