بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لئے پولیو سرٹیفیکیٹ کی شرط پر عمل درآمد شروع ہوگیا،وفاقی وزارت ہیلتھ سروسز نے صوبوں کو 10 لاکھ ہیلتھ سرٹیفیکیٹس جاری کردیئے ،کراچی ایئرپورٹ پر پولیو ویکسین اور سرٹیفکیٹس کی شدید کمی

پیر 2 جون 2014 07:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء)عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بیرون ملک سفرکرنے والے پاکستانی مسافروں پر پولیو سرٹیفیکیٹ پرعملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کے باعث وفاقی وزارت ہیلتھ سروسز نے صوبوں کو 10 لاکھ ہیلتھ سرٹیفیکیٹس جاری کردیئے ہیں جو سرکاری اسپتالوں اور ای پی آئی سے بلامعاوضہ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

ان سرٹیفیکیٹ کی میعاد ایک سال ہو گی، یہ سرٹیفیکیٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ای ڈی او ہیلتھ جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔ اس کے علاوہ کراچی سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر بھی پولیو کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں، جہاں سول ایوی ایشن اور محکمہ صحت کے نمائندے مسافروں کو انسدداد پولیو ویکسی نیشن کارڈز جاری کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

امیگریشن کاؤنٹرز پر محکمہ صحت کا عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے جو بیرون ملک جانے والے پاکستانی مسافروں کے پولیو سرٹیفیکیٹ کا معائنہ کرے گا تاکہ اپنی منزل مقصود پر پہنچنے پر انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ پاکستان سے پولیووائرس کی بیرونی ممالک منتقلی کو روکنے کے لئے عالمی ادارہ صحت نے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لئے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے جس کا اطلاق آج سے شروع ہوگیا ہے۔ادھرکراچی ایئرپورٹ پر پولیو ویکسین اور سرٹیفکیٹس کی شدید کمی سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز یکم جون (اتوار) سے ملک بھر سے بیرون ملک جانے والوں کیلئے پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے یہسرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن دوسری جانب ایسے موقع پر کراچی ایئرپورٹ پر پولیو ویکسین اور سرٹیفکیٹس کی شدید قلت کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ اس موقع پر مسافروں نے شدید غم و غصے کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :