حکومت کی آئی پی پیز کو 298ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کیلئے دو ہفتوں میں حکمت عملی وضع کرنے کی یقین دہانی

ہفتہ 31 مئی 2014 07:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء)وفاقی حکومت نے نجی بجلی گھروں( آئی پی پیز )کو 298ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے دو ہفتوں میں حکمت عملی وضع کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق یہ یقین دہانی وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے وفاقی دارالحکومت میں آئی پی پیز کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس میں کرائی، اجلاس میں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک آئی پی پیز کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مشاورت سے 2 ہفتوں کے اندر آئی پی پیز کے واجبات کی ادائیگی کی حکمت عملی تیار کر لی جائے گی۔ملک میں بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے آئی پی پیز کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حکومت جلد ہی ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پا لے گی۔گردشی قرضہ رواں ماہ کے آغاز میں خطرناک حد تک 298 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا۔ گردشی قرضے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار شدید متاثر ہورہی ہے جبکہ حکومت کو بھی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔