حکومت پی او ایف کی ترقی کیلئے ہرممکنہ اقدام بروئے کار لائے گی، چوہدری نثار، پاکستان آرڈننس فیکٹری دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ اپنی مصنوعات کو ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت کا حامل ادارہ ہے۔۔سول آرمڈ فورسز اس قومی سطح کے ادارے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی افرادی قوت کو دفاعی صلاحیتوں سے لیس کریں،پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے دورہ کے موقع گفتگو

ہفتہ 31 مئی 2014 07:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان آرڈننس فیکٹری (پی او ایف) دفاعی ہتھیاروں، سازو سامان اور دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ اپنی مصنوعات کو ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت کا حامل ادارہ ہے۔سول آرمڈ فورسز اس قومی سطح کے ادارے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی افرادی قوت کو دفاعی صلاحیتوں سے لیس کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور پولیس اور سیکورٹی کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے دورہ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر پی او ایف آمد پر لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے ان کا استقبال کیا اور پی او ایف بورڈ ممبران سے تعارف کرایا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی او ایف بورڈ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں وفد کو بتایا کہ پی او ایف کا بنیادی مینڈیٹ پاکستان کی مسلح افواج کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی ہے اور پی او ایف اپنی مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی سو فیصد ضروریات پوری کرنے کے بعد اپنی فاضل پیداواری صلاحیت دنیا کے تیس سے زائد ممالک کو برآمد بھی کر رہا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام کے ساتھ سیکورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ وفد کو پروڈکٹ ڈسپلے لاؤنج اور کچھ پیداواری یونٹس کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں انہوں نے اسلحہ و گولہ بارود کے پیداواری عمل کو دیکھا اور پی او ایف میں تیار ہونے والی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے پی او ایف انتظامیہ کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان وطن عزیز کے اس عظیم دفاعی ادارے کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے گی۔بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تقریباً پونے دو ارب روپے مالیت کے 500 بستروں پر مشتمل جدید سہولیات سے لیس ہسپتال اور دو سکولوں (بوائز و گرلز) کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ہسپتال کیلئے پی او ایف نے آٹھ ایکڑ زمین فراہم کی ہے۔پہلے مرحلے میں 100 بستروں کا ہسپتال بنایا جائے گا جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں 200 بستروں کا مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ٹراما سنٹر اور دس سپیشلائزڈ سروسز کی سہولیات مہیا کی جائیں گی