بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اسلام آباد طلب ، وزیراعظم کے دورہ بھارت کے بعد مودی سرکار کے پاکستان بارے جذبات پر بریفنگ لی گئی ، عبدالباسط کی سرتاج عزیز اور طارق فاطمی سے طویل مشاورت ، اہم پیغام دیکر بھارت واپس بھیجا جائے گا ، ذرائع

ہفتہ 31 مئی 2014 07:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء)بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو پاکستان طلب کرکے وزیراعظم نوازشریف کے دورہ بھارت کے بعد مودی سرکارکے پاکستان بارے جذبات پر بریفنگ لی گئی ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز اور اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے طویل مشاورت کی بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کو اہم پیغام دیکر بھارت بھیجا جائے گا ۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے بھارت میں ہائی کمشنر عبدالباسط کو اسلام آباد طلب کیا گیا تھا اورپاکستان پہنچنے پر وزارت خارجہ کو پاک بھارت تعلقات ، وزیراعظم کے دورہ بھارت اور مودی سرکاری کی پاکستان کے حوالے سے خیالات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ عبدالباسط نے وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی سے بھی طویل مشاورت کی ہے اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعظم کے دورہ بھارت کے بعد مودی سرکاری کے پاکستان کے حوالے سے خیالات کے حوالے سے بھی پاکستانی قیادت کو آگاہ کیا ہے جبکہ مجوزہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات پر بھی مشاورت کی گئی ، ذرائع کے مطابق بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو اہم پیغام دیکر بھارت روانہ کیا جائے گا ۔