عمران فاروق قتل کیس ،پاکستان کی برطانیہ کو تمام قانونی ذمہ داریاں پوری اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی ،پا کستان برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پہلے کی نسبت مزید مضبوط ہو رہا ہے، برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات ،عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی حکومت کو مورد الزام ٹھہراناغلط ہے ،بر طانوی عدالتیں اور میٹرو پولیٹین پولیس مکمل آزاد اور خود مختار ہیں، حکومت اپنی مرضی کے مطابق کسی صورت نہیں چلا سکتی،برطانیہ پاکستان کو اندرونی سلامتی کی پالیسی کے نفاذ سمیت خطے کی سلامتی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا،فلپ بارٹن

ہفتہ 31 مئی 2014 07:22

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء)پاکستان نے عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں برطانیہ کو تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پہلے کی نسبت مزید مضبوط ہو رہا ہے،پاکستان عمران فاروق قتل کیس میں اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پوری طرخ نبھائے گا اور برطانیہ کے ساتھ اس ضمن میں مکمل تعاون کیا جائے گا،کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لئے برطانیہ کو درکار تعاون فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین پر بطور ذمہ دار ملک پاکستان مکمل عمل درآمد کرے گا۔

ادھر برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی حکومت کو مورد الزام ٹھہراناغلط ہے کیونکہ بر طانوی عدالتیں اور میٹرو پولیٹین پولیس اس حوالے سے مکمل آزاد اور خود مختار ہیں جن کو حکومت اپنی مرضی کے مطابق کسی صورت نہیں چلا سکتی۔

(جاری ہے)

برطانیہ پاکستان کو اندرونی سلامتی کی پالیسی کے نفاذ سمیت خطے کی سلامتی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے یہاں اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے گہرے قریبی اور دوستانہ تعلقات پورے خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال میں اہم اور تعمیری کر دار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں برطانوی حکومت کی جانب سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو بیرون ملک محنت کر نہ صرف پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ ملک کی معاشی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔

چودھری نثار علی خان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے امن کی ضمانت ہے ، پاکستان افغانستان کی نئی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے گاتاکہ افغانستان میں کھوئے ہوئے امن کو بحال کیا جا سکے۔عمران فاروق قتل کیس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان عمران فاروق قتل کیس میں تمام بین الاقوامی ضابطوں اور قانونی ذمہ داریوں کو پوری کرے گا۔

ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان نے عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں برطانیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور سکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقاتی ٹیم کو بھی پاکستان اور برطانیہ میں درکار وہ تمام مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے جس کی انہیں پاکستان کی طرف سے ضرورت ہے جبکہ اس معاملے میں کسی بھی قسم پیش رفت یا بریک تھرو کی صورت میں بھی ہر حال میں بین الاقوامی قانونی ضابطے پورے کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمیشن نے اس معاملے پر پاکستان میں اٹھائے گئے الزامات اور خبروں کی تردید کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کو یقین دہانی کروائی کہ برطانوی حکومت کا عمران فاروق قتل کیس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ برطانوی عدالتیں اور میٹرو پولیٹین پولیس اس حوالے سے مکمل آزاد اور خود مختار ہیں جن کو حکومت اپنی مرضی کے مطابق کسی صورت نہیں چلا سکتی۔

برطانوی ہائی کمیشن نے وزیر داخلہ کی جانب سے خطے میں امن کی بحالی کے لئے کردار ادا کرنے یقین دہانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو اندرونی سلامتی پالیسی کے نفاذ میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے جبکہ منشیات و انسانی سمگلنگ کی روک تھام، انسداد دہشتگری سمیت دیگر مسائل پر قابو پانے کے لئے پاکستانی کی سول آرم فورسز کی استعداد کار کو بڑھانے ، ادارہ جاتی سپورٹ میں اضافے اور ٹریننگ فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے جس کے تحت برطانیہ اندرونی سلامتی پالیسی کے نفاذ میں پاکستانی حکومت کی کی مدد کرے گا۔