پاکستان میں جو بھی مقدمہ ہو اس میں میرا نام آ جاتا ہے،یوسف رضا گیلانی،حج اسکینڈل ہو یا اوگرا،ٹی ڈی اے ہو یا این آئی سی ایل، مقدمات میرے خلاف درج ہو رہے ہیں ،میرا ایک بیٹا اغواء ہے اور دو بیٹوں پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں،سابق وزیر اعظم

جمعہ 30 مئی 2014 05:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو بھی مقدمہ ہو اس میں میرا نام آ جاتا ہے ،حج اسکینڈل ہو یا اوگرا،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہو یا این آئی سی ایل، مقدمات میرے خلاف ہی درج ہو رہے ہیں ،میرا ایک بیٹا اغواء ہے اور دو بیٹوں پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں ،ماضی میں سیف الرحمن نے جھوٹے مقدمات قائم کئے اور 5سال میں جیل میں رہالیکن میں یہی کہوں گا کہ آج اتنا کرو جتنا خودبرداشت کر سکو۔

کراچی کی اینٹی کرپشن عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے سے متعلق جمعرات کو کراچی کے صحافیوں سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ این آر او میں8004افراد مستفید ہوئے اس کا قصور وار بھی مجھے ہی ٹہرایا گیا اب تقرریوں کی بنیاد پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں کل کو ئی بھی بات سامنے آئے گی کہ مشرف کی تقرری کس نے کی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں عدالت سے فرار نہیں ہو ں گا بلکہ مقدمات کو جواں مردی سے سامنا کروں گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کی اینٹی کرپشن کورٹ نے مجھے نوٹس کیا ہے جو ان کے دائرہ اختیار میں نہیں مقدمہ کے اندارج سے پہلے نوٹس نہیں بھیجا جا سکتا اور مقدمے کے انداج کے لئے وفاقی وزرات داخلہ کی اجازت ضروری ہے ۔