ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے معروف گروپ اور مختلف صنعتی گروپس کے مابین مفاہمت کی 4 یادداشتوں پر دستخط کی تقریب،سیاہ رات ختم اورروشنی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے،چند برس میں اندھیر ے مکمل چھٹ جائیں گے:شہبازشریف،پاک چین دوستی مفید معاشی روابط میں تبدیل ہو چکی ہے، پنجاب سمیت ملک بھر میں 20 ہزا میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے، چین کے تعاون سے ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور پلانٹ منصوبے کا کل سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے جو دسمبر 2016ء میں بجلی فراہم کریگا،چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری کرکے پہل کی ہے ، اب وقت ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی آگے آئیں :وزیراعلیٰ پنجاب،شہبازشریف کے خلوص اور والہانہ محبت نے ہمیں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا ہے،چےئرمین شینگ ڈونگ رویائی گروپ

جمعہ 30 مئی 2014 05:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی مفید معاشی روابط میں تبدیل ہو چکی ہے۔پاک چین اکنامک کوریڈور کے تحت پنجاب سمیت ملک بھر میں 20 ہزا میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے۔سیاہ رات ختم ہو چکی ہے اور روشنی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ چند برس میں اندھیرے مکمل چھٹ جائیں گے، زراعت پھلے پھولے گی، معیشت ترقی کرے گی اور صنعت کا پہیہ رواں دواں ہوگا۔

وہ دن دور نہیں جب پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے معروف گروپ شینگ ڈونگ رویائی اور مختلف صنعتی گروپس کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

شینگ ڈونگ رویائی گروپ کے چےئرمین یافو کیو،چائنہ ہیوانگ شینگ ڈونگ کے اعلیٰ حکام ،صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،معروف صنعتکار اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے ہر آنے والے دن میں مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔چین نے ہمیشہ پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔چین کی حکومت ،قیادت اور عوام نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔بلاشبہ دونوں ملکوں کی دوستی ہمالیہ سے بلند ،شہد سے میٹھی ،سمندر سے گہری اورفولاد سے زیادہ مضبوط ہے ۔

فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کا منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم اقدام ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس ٹیکسٹائل پارک میں 200ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور پلانٹ کے منصوبے کا کل سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے ،ساہیوال میں کول پاور پلانٹ دسمبر 2016ء میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔

چینی گروپ کول پاور پلانٹ کے منصوبے کیلئے تمام سرمایہ کاری خود کر رہا ہے۔اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ کا بھی 31مئی کو افتتاح کیا جائے گا جس سے 100میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی اور یہ پاکستانی عوام کے لئے انتہائی مسرت کا موقع ہے اور پاکستانی عوام چینی قیادت اور کمپنیوں کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت انتہائی تیزرفتاری سے توانائی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔

ملک سے اندھیرے دور کرنے کے لئے ہماری شبانہ روز محنت رنگ لارہی ہے اور چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان کے لئے ایک تحفہ سے کم نہیں جس پر پوری قوم چین کے سرمایہ کاروں کی احسان مندہے۔ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری کرکے پہل کی ہے جو ان کی پاکستانی عوام سے لازوال محبت کا ثبوت ہے۔

اب وقت ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی آگے آئیں اور ملک و قوم کیلئے سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی محبت کے انمول رشتے میں جڑی ہوئی ہے اوراس لازوال دوستی کو الفاظ میں نہیں ناپا جاسکتا۔آج ہونے والے معاہدوں سے پاکستان کے صنعتی گروپس اورچین کے گروپ کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون مزید فروغ پائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شینگ ڈونگ رویائی گروپ یافو کیونے کہا کہ محمد شہباز شریف انتہائی متحرک اور عملی کام پر یقین رکھنے والے وزیراعلیٰ ہیں۔

شہبازشریف کے خلوص اور والہانہ محبت نے ہمیں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا ہے اورہماری کوشش ہوگی کہ توانائی کے منصوبے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق وقت مقررہ سے قبل مکمل کریں۔پیشتر ازیں ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے معروف گروپ شینگ ڈونگ رویائی اور پنجاب کے مختلف صنعتی گروپس کے مابین مفاہمت کی4 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔شینگ ڈونگ رویائی گروپ، مسعود ٹیکسٹائل ملز اور جے کے سپننگ ملز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر چیئرمین شینگ ڈونگ رویائی ٹیکنالوجی گروپ لمیٹڈ یافو کیو، مسعود ٹیکسٹائل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد نذیر اور جے کے سپننگ ملز کے ڈائریکٹر فائق جاوید نے دستخط کئے۔شینگ ڈونگ رویائی گروپ اور جے کے سپننگ ملز جوائنٹ وینچر کے تحت رویائی مسعود انڈسٹریل پارک میں 200 ملین میٹر سالانہ کی بیٹک فیبرک پرنٹنگ کا یونٹ قائم کریں گے۔

شینگ ڈونگ رویائی گروپ، مسعود ٹیکسٹائل ملز اور کریسنٹ شوگرملز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر چیئرمین شینگ ڈونگ رویائی ٹیکنالوجی گروپ لمیٹڈ یافو کیو، مسعود ٹیکسٹائل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد نذیر اور کریسنٹ شوگر ملز کے نوید گلزار نے دستخط کئے۔کریسنٹ شوگر ملز رویائی مسعود انڈسٹریل پارک میں چینی گروپ کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت 20 ہزار پاور لومز کا ویونگ یونٹ لگائے گی۔

شینگ ڈونگ رویائی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ لمیٹڈ کراچی برانچ کے مابین مفاہمتی یادداشت پربھی دستخط کیے گئے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے پاک چائنہ اکنامک ڈویلپمنٹ سٹریٹجی کے تحت ٹیکسٹائل اور متعلقہ انفراسٹرکچر کے منصوبوں کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے اور پراجیکٹ ڈویلپمنٹ کوآرڈینیشن گروپ تشکیل دیا جائے گا۔شینگ ڈونگ رویائی گروپ اور پاک چائنہ انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے پاک چین اکنامک کوریڈور کے تحت منصوبوں کے حوالے سے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھائیں گے۔