استقبال رمضان ، خانہ کعبہ کو منوں عرق گلاب ، آب زم زم سے غسل دیا گیا،گورنر مکہ شہزادہ مشال بن عبد اللہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے کعبتہ اللہ کو غسل دینے کی سعادت حاصل کی

جمعہ 30 مئی 2014 05:43

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء) استقبال رمضان کے سلسلے میں خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب ہوئی ، تقریب میں ہزاروں من عرق گلاب اور آب زم زم استعمال کیا گیا ، مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ مشال بن عبد اللہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے کعبتہ اللہ کو غسل دینے کی سعادت حاصل کی۔سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب ہوئی۔

مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ مشال بن عبد اللہ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نے کعبتہ اللہ کو غسل دینے کی سعادت حاصل کی۔ حرم انتظامیہ کے سربراہ اور امام ڈاکٹر شیخ عبدالرحمان السدیس ، اعلیٰ سعودی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ غسل کی تقریب سے پہلے شاہی خاندان کے افراد نے طواف کعبہ کیا۔ کعبتہ اللہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب اور دیگر خوشبووٴں میں بھیگے ہوئے سفید کپڑے سے صاف کیا گیا جبکہ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں اور ہتھیلیوں سے صاف کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران خانہ کعبہ کا دروازہ ڈیڑھ سے دو گھنٹے کھلا رہا ، تقریب غسل کے دوران خانہ کعبہ کے چاروں جانب پیرا ملٹری فورسز اور دیگر سیکورٹی حکام کا سخت پہرا رہا۔ خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو سال میں دو مرتبہ غسل دیا جاتا ہے۔ رمضان کی آمد سے پہلے اور نئے ہجری سال کے آغاز پر جبکہ غلافِ کعبہ کی تبدیلی ہر سال نو ذی الحج کو ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :