بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے نواز شریف کی والدہ کیلئے تحائف،میری دادی کیلئے شال بھیجنے پر بھارتی وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں ،مریم نواز

جمعرات 29 مئی 2014 07:41

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز شریف کو ان کی والدہ کے لئے تحائف بھی بھیجے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ بھارت کے دوران دونوں وزرائے اعظم کی زیادہ اور طویل ملاقاتیں نہ ہو سکیں لیکن دونوں کے درمیان اپنی ماؤں کے بارے میں گفتگو انہی خبروں میں ہے اور اب پتہ چلا ہے کہ نریندر مودی نے نواز شریف کی والدہ کے لئے تحائف بھی بھیجے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس بات کا انکشاف وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ بھارتی وزیر اعظم ان کی دادی کے لئے شال اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کا مرتب کردہ شاعری مجموعہ بھجوانے پر نریندری مودی کے شکر گزار ہیں ۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کے والد نواز شریف نے خود اپنی والدہ کی خدمت میں مودی کے بھیجے ہوئے تحائف پیش کئے اس سے پہلے حلف برداری کی تقریب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے مودی کو بتایا تھا کہ ان کی ماں نریندر مودی اور ان کی والدہ کو سکرین پر مٹھائی کھاتا دیکھ کر جذباتی ہو گئیں تھیں۔