وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پرپورے ملک سے بجلی چوری کاخاتمہ کرینگے اس نظام میں مزیدبہتری لائینگے، عابدشیرعلی،کیسکوکی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے، بجلی سے متعلق تمام مسائل کاحل نکالناہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،کرپٹ اہلکاروں کوکسی صورت معاف نہیں کیاجائیگا، جوصارف بل دے گاصرف اُسے بجلی ملے گی، سیاسی قیادت سے ملکر بجلی سے متعلق تمام مسائل حل کرینگے،کیسکوافسران سے خطاب

جمعرات 29 مئی 2014 07:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی۔2014ء)وفاقی وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابدشیرعلی نے کہاہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی خصوصی ہدایت پرپورے ملک سے بجلی چوری کاخاتمہ کرینگے اس نظام میں مزیدبہتری لائینگے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے کیسکوافسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے توانائی ڈاکٹرمصدق ملک ،ممبرقومی اسمبلی رانامحمودالحسن ،ممبرصوبائی اسمبلی منظورکاکڑ کے علاوہ کیسکوچیف اوردیگر اعلیٰ افسران بھی موجودتھے۔

اس موقع پر وزیرمملکت عابد شیرعلی نے کہاکہ کمپنی کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے۔انھوں نے کہاکہ بجلی سے متعلق تمام مسائل کاحل نکالناہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اس موقع پر انھوں نے غیر تسلی بخش کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے چیف انجینئر، سپرنٹندنگ انجینئر،افسران سمیت 10سے زائداہلکاروں کومعطل کردیااورچیف ایگزیکٹوآفیسرکوہدایت کی کہ و ہ انکے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ محکمہ کے کچھ اہلکاروں کی غفلت کی وجہ سے صارفین کو سزامل رہی ہے انھوں نے کہاکہ کرپٹ اہلکاروں کوکسی صورت معاف نہیں کیاجائیگا۔انھوں نے سختی سے تاکیدکی کہ بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں علاوہ ازیں جوصارف بل دے گاصرف اُسے بجلی ملے گی۔انھوں نے کہاکہ سیاسی قیادت سے ملکر بجلی سے متعلق تمام مسائل حل کرینگے تاکہ جوبل دیتے ہیں ان کی حق تلفی نہ ہو۔

انھوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان اورچیف سیکرٹری کویقین دلایاہے کہ صوبے میں بجلی کے مسائل خصوصی طورپرحل کرینگے اوراس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جوسیکرٹری پانی وبجلی اورچیف سیکرٹری بلوچستان پرمشتمل ہوں گے۔وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹرمصدق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چندسالوں میں کیسکوکیCollectionمیں 50فیصدکمی ہوئی ہے انھوں نے کہاکہ تمام صارفین کے ذمہ واجب الاد ارقم 106ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جوکہ باعث تشویش ہے۔

انھوں نے کہاکہ صوبے کو 500میگاواٹ سے زائدبجلی ملنے کے باوجود قومی خزانہ خالی ہورہاہے انھوں نے کہاکہ غیرقانونی کنکشنز کو لیگلائز کرکے انھیں بلنگ سرکل میں لایاجائے۔وزیراعظم کے خصوصی معاون نے کہاکہ ہماری حکومت بجلی کے مسائل کوحل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے تاکہ عوام کومزیدبجلی سے متعلق مزیدسہولیات دی جاسکیں۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئربلیغ الزمان نے وفاقی وزیرمملکت برائے پانی وبجلی کو کیسکوکی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی اورصوبہ میں بجلی کی صورتحال پرتفصیلات بتائی۔

متعلقہ عنوان :