وزیر داخلہ چودھری نثار سے ڈی جی رینجرز کی ملاقات، کراچی آپریشن،سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال،کراچی میں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم پر اطمینان کا اظہار ، رینجرز ،پولیس اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتررابطوں سے شہر میں پائیدار امن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ چودھری نثار

جمعرات 29 مئی 2014 07:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء )داخلہ اور انسداد منشیات کے وزیر چوہدری نثار علی خان نے کراچی میں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔بدھ کے روزاسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور یہ صحیح وقت ہے کہ اس کی وسعت میں اضافہ کیا جائے۔

ملاقات کے دوران سندھ خصوصاً کراچی میں جاری آپریشن کے خصوصی حوالے سے سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں ہونے والی پیش رفت کو ضائع یا ختم نہیں ہونے دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ کارروائی کو شہر کے تمام امن پسند لوگوں کی حمایت حاصل ہے اور ہمیں ان کی توقعات پر پورا اترنا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز ' پولیس اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتررابطوں سے شہر میں پائیدار امن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً سندھ رینجرز کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ ان کی استعداد کار مزید بڑھانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے گی۔رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیر داخلہ کو کراچی میں جاری کارروائی اور رینجرز کو درپیش انتظامی اور سٹرٹیجک مسائل کے بارے میں بتایا۔