پنجاب اسمبلی میں حکومت نے اپوزیشن کو بھارت کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے سے روک دیا ،یو م تکبیر پر نوازشریف کے لئے خراج تحسین اور بابا گورونانک کے جنم دن پر عام تعطیل کی قراردادیں آؤٹ آف ٹرن منظور،ایوان کا پہلے پارلیمانی سال کا آخری اجلاس شدید ہنگامہ آرائی اور شوروغل میں غیر معینہ ملتوی

جمعرات 29 مئی 2014 07:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء)پنجاب اسمبلی میں حکومت نے اپوزیشن کو بھارت کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے سے روک دیا جبکہ یو م تکبیر پر وزیراعظم نوازشریف کے لئے خراج تحسین اور بابا گورونانک کے جنم دن پر عام تعطیل کی قراردادیں آؤٹ آف ٹرن منظور کرالیں۔ایوان کا پہلے پارلیمانی سال کا آخری اجلاس شدید ہنگامہ آرائی اور شوروغل میں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

بدھ کے روز سپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ پانچ منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ التوائے کار کی تحریکیں شروع ہونے پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ بھارت اور بھارتی حکومت کے پاکستان مخالف الزامات کا ذکر کیا تو حکومتی بنچوں کی طرف سے شوروغل شروع ہو گیا جس دوران حکومتی بنچوں سے وزیراعظم نواز شریف جبکہ اپوزیشن کی طرف سے کشمیر بنے گا پاکستان، نعرہ تکبیر، مودی کا جو یار ہے غدار ہے، جیسے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم نواز شریف کے بھارت کے خیر سگالی دورہ کے موقع پر پاکستان پر دہشت گردی جیسے سنگین الزامات کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کرنے کی اجازت مانگی لیکن حکومتی مخالف اور نعرہ بازی کے دوران انہیں یہ اجازت نہ ملی تو اپوزیشن نے سپیکر کی ڈائس کے سامنے آکر حکومت، بھارت اور سپیکر کے خلاف بھی نعرہ بازی کی، اسی دوران ایجنڈے کی کارروائی موخر کردی گئی اور حکومت کی طرف سے آؤٹ آف ٹرن دو قراردادیں پیش کی گئیں، پہلی قرار داد وزیر زکوة وعشر ملک ندیم کامران نے جبکہ دوسری قرارداد اقلیتی رکن رمیش سنگھ اروڑہ نے پیش کی ، ملک ندیم کامران کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان آج 28مئی یوم تکبیر کے موقع پر پاکستان کو ساتویں عالمی اور پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنانے پر وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے، اس ایوان کی رائے ہے کہ یہ دن تمام پاکستانیوں کے لئے قابل فخر ہے، یہ ایوان اس یقین کا بھی اظہار کرتا ہے کہ جس طرح محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر دفاعی قوت بنایا، اسی طرح ان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان اقتصادی اور سماجی ترقی کے حوالے سے بھی انشاء اللہ ایک مثالی ملک بن جائے گا، اور ان کی قیادت میں بجلی کے بحران اور دہشت گردی پر قابو پا لے گا، یہ ایوان اس موقع پر ملکی ترقی اور صوبہ پنجاب کی بے لوث خدمت اور بے مثال محنت سے ترقی اور خوشحالی کی منزل پا لینے کی انتھک کوششوں پر خادم پنجاب، وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس قرارداد کی منظور کے بعد حکومتی اقلیتی رکن رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی آؤٹ آف ٹرن قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیوجی جن کا جنم پاکستان ننکانہ صاحب کی دھرتی پر ماہ نومیر میں ہوا، اس دن کی مناسبت سے بابا گورونانک جی کے جنم دن کو سرکاری طور پر منایا جائے اور اس دن عام تعطیل کااعلان کیا جائے۔ یہ قرارداد بھی کثرت رائے سے منظور کرلی گئی سرکاری کارروائی کے دوران بھی ایوان میں ہنگامہ آرائی کی جاتی رہی،اپوزیشن کی طرف سے نعرے لگائے جاتے رہے جس پر سپیکر نے بحث موخر کر کے گورنر کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا جس کے تحت اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :