سابق صدر زرداری پولو گراؤنڈ ریفرنس میں بری،کوٹیکنا اور ایس جی ایس کیس میں بریت کی درخواست مسترد ،اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں بریت کا فیصلہ چار جون کو سنایا جائے گا

جمعرات 29 مئی 2014 07:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء ) احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پولو گراوٴنڈ کرپشن ریفرنس میں تو بری کردیا لیکن کوٹیکنا اور ایس جی ایس کیس میں بریت کی درخواست مسترد کردی جبکہ اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر کیس میں بریت کی درخواست کا فیصلہ چار جون تک محفوظ کرلیا گیا ہے۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے دائر کردہ پانچوں نیب مقدمات میں 265kکے تحت بریت کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیاگیا فیصلہ سنایا۔

فیصلے کے مطابق پولو گراوٴنڈ ریفرنس میں سابق صدر کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ناکافی شواہد کی بنا پر انہیں بری کردیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ پولو گراوٴنڈ ریفرنس میں نیب سابق صدر کیخلاف الزام ثابت نہیں کر سکا۔

(جاری ہے)

مگر کوٹیکنا اور ایس جی ایس کیس میں عدالت نے سابق صدر کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شواہد مانگ لیے اور گواہوں کو طلب کر لیا ہے عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ نیب نے کوٹیکنا اور ایس جی ایس کیس میں مزید گواہان اور ثبوت عدالت میں پیش کرنے کی درخواست کی ہے ۔

عدالت ان دو مقدمات کی سماعت نو جون کو کرے گی ۔جبکہ اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس کا فیصلہ چار جون کو سنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف کرپشن کے یہ ریفرنس 1998ء قائم کئے گئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :