صوبے میں تیل،گیس اور بجلی کی اضافی پیداوار کے بدلے گندم پر پابندی اور بجلی چوری کے الزامات لگائے جارہے ہیں،پرویزخٹک،ہمیں پیسہ ملے تو صوبے میں زیادہ ڈیم بنا سکتے ہیں،وفاق اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر نہ لگائے،وزیراعلیٰ کے پی کے کی عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 28 مئی 2014 07:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں تیل وگیس اور بجلی کی اضافی پیداوار کے بدلے گندم پر پابندی اور بجلی چوری کے الزامات لگائے جارہے ہیں ہمیں پیسہ ملے تو صوبے میں زیادہ ڈیم بنا سکتے ہیں،وفاق اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر نہ لگائے اسلام آباد میں عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا صوبہ ملک کو بجلی،تیل اور گیس کی اضافی پیداوار دے رہا ہے لیکن ہمیں اس کے بدلے کچھ نہیں ملتا،الٹا صوبے میں گندم کی ترسیل پر پابندی لگائی جارہی ہے جو کہ ناانصافی ہے،بجلی کی پیداوار کے بدلے ہم پر چوری کا الزام لگایا جارہاہے،بجلی کی چوری واپڈا کے اہلکاروں کی ملی بھگت کے بغیر نہیں ہوسکتی اور ادارے میں کرپشن ہو تو اس کا خاتمہ کیا جانا چاہئے،وفاق ہم پر الزام لگانے کی بجائے اپنے ادارے کی خرابیوں کو دور کرے،اگر ہم پولیس اور پٹواریوں کے نظام کو درست کر سکتے ہیں تو وفاق بھی اپنے ادارے کو صحیح سمت لے جاسکتا ہے،انہوں نے کہا کہ واپڈا کو ٹھیک نہ کرنا وفاقی حکومت کی نااہلی ہے اور الزام دوسروں پر لگایا جارہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بجلی کی مد میں 6بلین پر مقید کردیاگیا ہے اگر ہم پیداوار میں اضافہ بھی کریں تو ہمیں یہی رقم ملے گی اگر وفاق ہمیں زیادہ رقم دے تو ہم پیداوار میں اضافہ کرسکتے ہیں اور نئے ڈیم بھی تعمیر کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :