گڈانی پاور پارک کیلئے زمین کے حصول کا عمل شروع ،کوئلے سے چلنے والے 10بجلی گھر لگائے جائیں گے، ڈھانچے کی تیاری جون کے آخر میں شروع ہوجائے گی،نرگس سیٹھی،منصوبہ طے شدہ وقت پر مکمل ہوگا،شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،مارچ میں ماسٹر پلان تیار کیا گیا اور جون تک تفصیلی جائزہ رپورٹ اور ماحولیاتی مطالعہ کی تیاری اہم پیشرفت ہیں،منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے۔منصوبے کی چیف ایگزیکٹو افسر کی گڈانی پاور پارک کے دورے کے دوران حکام سے بات چیت

بدھ 28 مئی 2014 07:06

گڈانی ،بلوچستان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر گڈانی پاور پارک کیلئے زمین کے حصول کا عمل شروع کردیا گیا ہے،جہاں کوئلے سے چلنے والے 10بجلی گھر لگائے جائیں گے،اس مقصد کیلئے ڈھانچے کی تیاری جون کے آخر میں شروع ہوجائے گی جبکہ منصوبے کی چیف ایگزیکٹو افسر نرگس سیٹھی نے کہا ہے کہ منصوبہ طے شدہ وقت پر مکمل ہوگا،شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،مارچ میں ماسٹر پلان تیار کیا گیا اور جون تک تفصیلی جائزہ رپورٹ اور ماحولیاتی مطالعہ کی تیاری اہم پیشرفت ہیں،منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے۔

وہ منگل کو یہاں گڈانی پاور پارک کے دورے کے دوران حکام سے بات چیت کررہی تھیں،انہوں نے کہا کہ زمین کو ہموار کرنے اور تنصیبات کی تیاری کا عمل جون میں شروع ہوجائے گا جس کیلئے پہلے ہی وزیراعظم کی ہدایت پر بولی دی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

دو نجی پاور کمپنیوں کو زمین کی عبوری الاٹمنٹ کی گئی ہے جس پر وہ کوئلے سے چلنے والے چار بجلی گھر لگائے گی،دیگر منصوبوں کیلئے زمین کی الاٹمنٹ کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ زمین کو لیول کرنے کیلئے سمجھوتے میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے،وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ مقامی لوگوں کوپارک سے متعلقہ تمام منصوبوں میں برابر شریک کیا جائے،اس منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ زمین کا فوری تعین کیا جائے اور یہاں سکولوں،ہسپتالوں اور فنی تربیت کے مراکز کے قیام کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جائے۔

نرگس سیٹھی نے گڈانی کے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دئیے جائیں،منصوبے سے علاقے کی ترقی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ بہت جلد کم لاگت مکانات سکولوں،تربیتی مراکز اور ہسپتالوں کی تعمیر شروع کی جائے گی۔مقامی لوگوں نے سی ای او اور حکومت پاکستان کا علاقے میں دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور علاقے کی ترقی کیلئے اسے ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

نسپاک،پی پی پی ایم سی ایل اور حکومت بلوچستان کے حکام سے بات چیت کرتے ہوئے نرگس سیٹھی نے کہا کہ گڈانی پارک کے حوالے سے تمام سرگرمیاں طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہی ہیں اور منصوبہ طے شدہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارک کی ترقی میں ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا،ماسٹر پلان کی مارچ میں تیاری کے بعد جون تک ماحولیاتی اور دیگر مطالعاتی جائزوں کی تکمیل بڑی پیشرفت ہے۔

انہوں نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں مطالعاتی جائزہ 30جون سے قبل مکمل ہوجائے گا،اسی طرح دیگر جائزے بھی مکمل ہوں گے،جیٹی اور پارک کے ڈھانچے کے بارے میں نرگس سیٹھی نے کہا کہ یہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بڑے مواقع ہیں اور انہوں نے مقامی حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

قبل ازیں نیسپاک کے نائب صدر نے انہیں طے شدہ زمین اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی۔واضح رہے کہ وزیراعظم کو 24مئی کو لاہور میں گڈانی پاور پارک کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا تھا اور انہوں نے نرگس سیٹھی کو ہدایت کی تھی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے،ان کا یہ دورہ بھی ذاتی طور پر منصوبے کا جائزہ لینے کے سلسلے کی کڑی تھی۔