82ارب سے زائد کے اوگرا کرپشن سکینڈل میں سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق،عقیل کریم ڈھیڈی،اور سکندر حیات میکن سمیت گیارہ ملزمان پر فرد جرم عائد، پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی سمیت چھ ملزمان فرد جرم کے لئے چار جون کو طلب

منگل 27 مئی 2014 08:01

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء) 82ارب سے زائد کے اوگرا کرپشن سکینڈل میں اسلام آباداحتساب کی خصوصی عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق،عقیل کریم ڈھیڈی،اور سکندر حیات میکن سمیت گیارہ ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے تاہم ملزمان نے صحت جرم قبول کرنے سے انکارکیا ہے،عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کے خلاف زیر سماعت ریفرنس میں سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی سمیت چھ ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے چار جون کو طلب کر لیا ہے۔

پیر کے روز اوگرا کرپشن ریفرنس کی سماعت اسلام آباد احتساب کی خصوصی عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر راجہ خرم اعجاز نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے خلاف ثبوت پیش کر دیئے گئے اورگواہان سمیت دیگر تمام قانونی تقاضے پورے کر دیئے گئے جبکہ عدالت کے طلب کرنے پر بارہ میں سے گیارہ ملزمان عدالت میں موجود ہیں، بارہویں ملزم مرزا محمود کو تحقیقات کے دوران بے قصور ثابت ہونے نیب نے ان کا نام ریفرنس سے خارج کر دیا تھا لہذا عدالت مذکورہ گیارہ ملزمان پر فرد جرم عائد کرے ، جس پر عدالت نے ملزمان کو کٹہرے میں طلب کر کے ان پر فرد جرم کی چارج شیٹ پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے صحت جرم قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔

(جاری ہے)

جن ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں سابق چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی( اوگرا) توقیر صادق،عقیل کریم ڈھیڈی، سابق جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن سکندر حیات میکن، منصورمظفر، عبدالرشید لون، ارسلان اقبال، یوسف جے، میرکمال، فرید بجرانی، جواد جمیل، ضیا رشید، اور ظہیر صادق شامل ہیں ۔دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کے خلاف زیر سماعت ریفرنس کی بھی سماعت کی جہاں عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اورسابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو عدالت میں طلب کر رکھا تھا،اس موقع پر سابق وزرائے اعظم کے وکیل امجد قریشی ایڈووکیٹ نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر موٴقف اختیار کیا کہ ان کے موٴکلین کسی مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکے، عدالت اگر مزید مہلت دے دے تو آئندہ سماعت پر وہ ہر حال میں عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں گے جس پر عدالت نے وکیل صفائی کی مذکورہ استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت چار جون تک ملتوی کردی ہے اور آئندہ سماعت پر سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے چار جون کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔

سابق چیئرمین اوگرا غیر قانونی ریفرنس میں نیب نے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی و راجہ پرویز اشرف، سابق جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن سکندر حیات میکن،سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق،ممبر سلیکشن کمیٹی اوگراجاوید نذیر اور ممبر ٹیکنیکل اوگرا شوکت درانی شامل ہیں،مذکورہ ملزمان پر عدالت آئندہ سماعت کے موقع پر فرد جرم عائد کرے گی۔