قوم دیکھ رہی ہے نریندر مودی کی جانب سے نواز شریف کو کیا تحفہ دیا جاتا ہے‘ رحمن ملک،طالبان سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد واضح نظر آرہا ہے معاملہ آپریشن کی طرف جارہا ہے، میڈیا سے گفتگو

پیر 26 مئی 2014 07:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء) سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا دورہ بھارت خوش آئند ہے اور دو طرفہ مذاکرات کی بحالی اور تعلقات کی بہتری خطے کیلئے ناگزیر ہے اتوار کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے یہ مثبت اقدام ہے کہ انہوں نے دوسرے سارک ممالک کے ساتھ پاکستان کو بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی اور حکومت پاکستان کی جانب سے بھی بڑا عمدہ فیصلہ کیا گیا کہ انہوں نے دعوت قبول کرلی انہوں نے کہا کہ اب سوال یہ ہے کہ وزیراعظم بھارت جارہے ہیں تو بھارت کی جانب سے وزیراعظم کو کیا تحفہ دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ وزیراعظم کا دورہ بھارت کیا صرف فوٹو سیشن ہوگا یا پھر نریندر مودی لچک کا مظاہرہ کریں گے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرئن شروع کیا ہوا ہے جب تک بھارت اس ڈاکٹرئن کو اپنے سسٹم سے نہیں نکالے گا پاکستان کا اعتماد کبھی بھی بحال نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

رحمن ملک نے کہاکہ بہتر یہی ہوگا ایک مرتبہ پھر دونوں ملکوں کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات کا عمل شروع ہوجانا چاہیے ایک سوال کے جواب میں رحمن ملک کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد واضح نظر آرہا ہے کہ معاملہ آپریشن کی طرف جارہا ہے۔