بجلی بحران ،2025ء تک 27 نئے پرائیویٹ پاور پروڈیوسرز منصوبے متعارف کروائے جائیں گے،مجموعی طور پر 16341 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے، حالات میں خاطر خواہ بہتری کی امید ، پانچ منصوبے آئندہ پانچ برس میں مکمل ہوکر نیشنل گرڈ میں 7260 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریں گے

پیر 26 مئی 2014 06:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء) ملک بھر میں درپیش بجلی کے بحران سے نمٹنے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2025 تک 27 نئے پرائیویٹ پاور پروڈیوسرز منصوبے متعارف کروائے جائیں گے جو مجموعی طور پر 16341 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے جن سے حالات میں خاطر خواہ بہتری کی امید ہے۔ ان منصوبوں میں پانچ منصوبے ایسے ہیں جو کہ آئندہ پانچ برس میں مکمل ہوکر نیشنل گرڈ میں 7260 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق فی الوقت ملک بھر میں نجی شعبہ میں فی الوقت 30 توانائی کے منصوبے کام کررہے ہیں جو کہ مجموعی طور پر 9061 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کے حامل ہوں گے۔

فی الوقت جاری پرائیویٹ پاور پروڈیوسر منصوبوں میں حبکو پاور پراجیکٹ اور کوٹ ادو پاور پراجیکٹ منصوبوں کا شمار بجلی کے بڑے پیداواری منصوبوں میں ہوتا ہے جبکہ مستقبل کیلئے طے شدہ لائحہ عمل کے مطابق 2020 ء تک نجی شعبہ میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے مجموعی طورپر 10 نئے منصوبے مکمل کرلیے جائیں گے جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4470 میگاواٹ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں میں عارف والا میں لگایا جانے والا گرینیج ہولڈنگز پاور پراجیکٹ 2016 ء میں مکمل کرلیا جائے گا جس کی پیداواری صلاحیت 163 میگاواٹ ہوگی یہ منصوبہ تیل سے بجلی کی پیداوار کا حصول ممکن بنائے گا۔ جبکہ 2018 ء تک دو مزید منصوبے بشمول پیٹرنڈ ہائیڈرو پاور منصوبہ (147 میگاواٹ) اور گل پور ہائیڈرو پاور منصوبہ (100 میگاواٹ) بھی مکمل ہوجائیں گے۔

مجموعی طور پر سال 2025 ء تک ملک میں 27 نجی شعبہ کے بجلی کے پیداواری منصوبے مکمل کئے جانے کے اہداف رکھے گئے ہیں جو کہ مجموعی طور پر 16341 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت رکھتے ہوں گے۔

ان منصوبوں میں 2022 ء تک 17 بڑے منصوبے مکمل ہونے کی امید ہے جن سے مجموعی طور پر 7871 میگاواٹ بجلی کا حصول متوقع ہے ان منصوبوں کے علاوہ کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے پانچ دیگر منصوبے ابھی جاری ہیں جن کے بارے میں خیال یہ ہے کہ ان کو آئندہ پانچ برس میں مکمل کرلیا جائے گا۔

یہ پانچ منصوبے تکمیل کے بعد نیشنل گرڈ میں 7260 میگاواٹ بجلی کا اضافہ ممکن بنائیں گے واضح رہے کہ 2025 ء تک مکمل ہونے والے پرائیویٹ پاور پروڈیوسر منصوبوں میں تیل سے بجلی پیدا کرنے کا ایک منصوبہ‘ گیس سے بجلی پیدا کرنے کے حصول کا ایک منصوبہ اور چھ منصوبے کوئلہ سے بجلی بنانے کے ہیں جبکہ بقیہ تمام منصوبے پانی سے بجلی پیدا کرنے کے ہیں۔

متعلقہ عنوان :