عمران خان کا ہاتھ نوجوانوں کی نبض پر ہے، قوم نے اپنی تقدیر بنانے کا اختیار عمران خان کو دیدیا،جاوید ہاشمی ، ہم عمران خان کی زبانی قوم کے بہتر مستقبل کا فیصلہ سننے کے لئے تیار ہیں، قوم کو آج تک دھوکا دیا گیا، مسائل کے نام پر لوٹا گیا،جلسہ عام سے خطاب

پیر 26 مئی 2014 06:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کا ہاتھ نوجوانوں کی نبض پر ہے، قوم نے اپنی تقدیر بنانے کا اختیار عمران خان کو دیدیا ہے ہم عمران خان کی زبانی قوم کے بہتر مستقبل کا فیصلہ سننے کے لئے تیار ہیں، قوم کو آج تک دھوکا دیا گیا، مسائل کے نام پر لوٹا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ میں انتخابی اصلاحات کے لئے تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے بغاوت جاری رکھوں گا، دھوبی گھاٹ کے جلسے میں ہی نون لیگ سے بغاوت کی ، 44 سال کے دوران کئی بار اس گراوٴنڈ میں جلسوں سے خطاب کئے لیکن آج جیسا جوش و ولولہ کبھی نہیں دیکھا۔اس سے قبل تحریک انصاف کے جلسے کے لئے دھوبی گھاٹ میں 20 ہزار کرسیاں لگا ئی گئیں تھیں جبکہ میدان سمیت اطراف کے تمام علاقوں میں تحریک انصاف کے پرچم، عمران خان کے بڑے بڑے پورٹریٹس اور تہنیتی کلمات پر مشتمل بورڈز آویزاں کئے گئے ، پنجاب حکومت کی جانب سے جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے جبکہ سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔