فیصل آباد میں رویائی مسعودٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کا 28مئی اور ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کے کول پاور منصوبے کا سنگ بنیاد 30مئی کو رکھا جائے گا،شفافیت ،اعلیٰ معیار اور تیزرفتاری ہمارے تمام منصوبوں کے بنیادی ستون ہیں،توانائی پراجیکٹس کی جلد تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،شہبازشریف، نندی پور پاورپراجیکٹ کا افتتاح 31مئی کو کیا جائے گا جس سے پہلے مرحلے میں 100میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی،منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے،وزیراعلیٰ کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

پیر 26 مئی 2014 06:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تیز رفتاری سے میگا پراجیکٹس پر کام کررہی ہے-توانائی کے منصوبوں کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جا رہاہے-شفافیت ،اعلیٰ معیار اور تیزرفتاری ہمارے تمام منصوبوں کے بنیادی ستون ہیں- فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کا سنگ بنیاد 28مئی کو رکھا جا رہاہے-چین کے تعاون سے ساہیوال میں 660 میگا واٹ کے کوئلے سے چلنے والے2 پلانٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد 30مئی کو رکھا جائے گا-اسی طرح نندی پور پاورپراجیکٹ کا افتتاح 31مئی کو کیا جائے گا جس سے پہلے مرحلے میں 100میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی-وہ یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس میں عوام کی فلاح و بہبو د کے لئے میگا پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت محمد شفیق، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، معاون خصوصی عزم الحق اور متعلقہ حکام نے شرکت کی- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فیصل آبا د میں چین کے معروف گروپ رویائی کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل پارک کے قیام کا منصوبہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کی پائیدار ترقی کے لئے انتہائیاہمیت کا حامل ہے- اس منصوبے کی تکمیل سے روز گا ر کے لاکھوں نئے مواقع پیداہوں گے اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا -چین کا گروپ انڈسٹریل پار ک میں 150 میگا واٹ کے 2 کوئلے سے چلنے والے پاو ر پلانٹس بھی لگائے گا-ایک ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر بننے والے رویائی مسعود انڈسٹریل پارک کے منصوبے میں چین کا گروپ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہاہے-انہوں نے کہاکہ ساہیوال کے علاقے قادر آباد میں چین کے تعاون سے انتہائی جدید ترین کول پاور پلانٹس لگائے جائیں گے- اس ضمن میں چین کے معروف کمپنیوں کے کنسورشیم کے ساتھ پہلے ہی معاہدہ طے پا چکاہے-پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا یہ پہلا منصوبہ ہے جسے تیز رفتاری ، اعلیٰ معیار اور شفافیت سے مکمل کیا جائے گا اور منصوبے کی تکمیل سے 1320میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہوسکے گا-انہوں نے کہاکہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے صرف 7ماہ کی ریکارڈ مدت کے دوران 100میگا واٹ بجلی کی پیداوارکا حصول بہترین ٹیم ورک کانتیجہ ہے-انشاء الله 31مئی کو نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن بجلی کی پیداوارکا آغاز کر دے گی-سابق حکمرانوں کی بد ترین مجرمانہ غفلت کے باعث نندی پور پاور پراجیکٹ 3برس تک سرد خانے میں پڑا رہا اور منصوبے کی مشینری کراچی پورٹ پر زنگ آلود ہوتی رہی لیکن سابق حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہ رینگی - پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی قومی اہمیت کے اس اہم منصوبے پر توجہ دی اور چین کی کمپنی کو دوبارہ کام پر آمادہ کیا-ستمبر 2013 میں کام کا دوبارہ آغاز کیا گیا اور صرف 7ماہ کی ریکارڈ مدت میں محنت، دیانت ، خلوص اورایک عز م کے ساتھ منصوبے کو مکمل کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک و قوم کو توانائی بحران کے حل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور توانائی کے حصول کے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جارہے ہیں اور توانائی پراجیکٹس کی جلد تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی- اس ضمن میں چین اور دیگر دوست ملکوں کا تعاون لائق تحسین ہے- وزیراعلیٰ نے نند ی پور پاور پراجیکٹ کو 7ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر پراجیکٹ ڈائریکٹر کیپٹن (ر) محمود ، چین کی کمپنی کے انجینئرز اور عملے کے علاوہ پاکستانی ٹیم کی بھی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ قلیل مدت میں منصوبے کو مکمل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے جس پر میں پراجیکٹ کی ساری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں- اجلاس کے دوران مختلف میگا پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی-

متعلقہ عنوان :