پاک فوج کے حق میں ریلیاں جاری رہیں گی، نوازشریف شہدائے گجرات کی قبروں پر بھی جائیں: چودھری شجاعت ،پاکستان کیخلاف بات کرنے کا مطلب مسلح افواج کے خلاف بات کرنا ہے،کراچی سمیت سندھ و پنجاب کے متعدد شہروں میں پاکستان مسلم لیگ کے مظاہروں پر میڈیا سے گفتگو

پیر 26 مئی 2014 06:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ کے صدر وسابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بات کرنے کا مطلب پاک افواج کے خلاف بات کرنا ہے، پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف جہاں کہیں بھی بات ہو گی ان کے دفاع کیلئے پاکستان مسلم لیگ باہر نکلے گی، پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہماری ریلیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وہ مسلح افواج کے حق میں پاکستان مسلم لیگ کی ریلیوں کے تیسرے مرحلہ پر میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ یہ ریلیاں سندھ میں کراچی، دادو، گھوٹکی، جیکب آباد کے علاوہ پنجاب کے لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ اور دیگر شہروں میں بھی نکالی گئیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف اگر دنیا کو دکھانے کیلئے بھارت گئے ہیں تو پھر انہیں چاہئے کہ اپنے دورے کو کامیاب کرنے کیلئے گجرات میں شہید کیے گئے مسلمانوں کی قبروں پر بھی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ نوازشریف پہلی بار اداروں سے ٹکرائے ہیں، اس سے پہلے وہ آرمی چیفس جنرل عبد الوحید کاکڑ، جنرل جہانگیر کرامت، جنرل آصف نواز جنجوعہ، جنرل پرویزمشرف سے ٹکراتے رہے لیکن اس بار حالات مختلف ہوں گے۔ حکومت کے چلنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ”حکومت چلتی ہوئی“ نظر آ رہی ہے۔ مڈٹرم الیکشن کے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کی بات چھوڑیں موجودہ الیکشن میں جو دھاندلی ہوئی ہے پہلے تو اسے بے نقاب کیا جائے۔ نواز شریف پاکستان کا ”نقشہ تبدیل“ کرنے کی بات کرتے ہیں ایسی باتیں نہ کیا کریں نقشہ تبدیل کرنے کے دو معنی ہوتے ہیں اور انشاء اللہ ہم پاکستان کا نقشہ تبدیل نہیں ہونے دینگے۔