دھوبی گھاٹ میں تحریک انصاف کے جلسے میں فیصل آباد کے علاوہ جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جڑانوالہ ، چنیوٹ ، چک جھمرہ ، شیخوپورہ اور دیگر چھوٹے بڑے قصبات سے کارکنوں کی بھرپور شرکت ، عمرا ن خان کو ائرپورٹ سے کاروں کے جلوس میں جلسہ گاہ لایا گیا ،شیخ رشید ، شاہ محمود قریشی ، جاوید ہاشمی ہمراہ تھے ، صوبائی حکومت نے فول پروف انتظامات کئے تھے ، ہماری وجہ سے فیصل آباد میں بھی لوڈ شیڈنگ کم ہوگئی ، سونامی پورے پنجاب میں جلسے کرکے دھاندلی کی پیداوار حکومت کو بہا کر لے جائیگی ، عمران خان کی ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

پیر 26 مئی 2014 06:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء)فیصل آباد دھوبی گھاٹ میں تحریک انصاف کے جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جلسہ میں فیصل آباد کے علاوہ جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جڑانوالہ ، چنیوٹ ، چک جھمرہ ، شیخوپورہ اور دیگر چھوٹے بڑے قصبات سے تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھرپور شرکت کی ۔ عمران خان بذریعہ جہاز فیصل آباد ائرپورٹ پہنچے جہاں انہیں موٹر کاروں کے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی قائدین جاوید ہاشمی ، شیخ رشید ، شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے ۔

ائرپورٹ پر انہوں نے اخبار نویسوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ میرے فیصل آباد کے دورے کے موقع پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوئی ہے اور حکومت اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی جاری کررہی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ پاکستان بھر خاص کر پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں عوامی جلسوں سے خطاب کرینگے ۔ سونامی فیصل آباد آگیا ہے آئندہ یہ سونامی بہت جلد دھاندلی کی پیداوار حکومت کو بہا کر لے جائینگے ۔

عمران خان نے کہا کہ جب تک الیکشن میں ہونے والی دھاندلی اور لاہور کے چار حلقوں میں مکمل چھان بین نہیں کی جاتی اس وقت تک تحریک انصاف کے کارکن چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ جلسہ گاہ میں خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جبکہ حکومت کی طرف سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی ، صوبائی سیکرٹری داخلہ آئی جی پولیس پنجاب انتظامیہ سے جلسہ گاہ میں حاضرین کی تعداد اور جلسہ گاہ کے باہر آنے والے جلوسوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے رہے مختلف سرکاری ایجنسیوں نے حکومت کو جو اطلاعات فراہم کی ہیں اس کے مطابق جلسہ گاہ میں دس ہزار سے زائد افراد موجود ہیں جبکہ خبر رساں ادارے کے مطابق جلسہ گاہ میں بیس ہزار سے زائد افراد موجود ہیں ۔