عید قرباں سے پہلے ڈی چوک کو تحریر اسکوائر بنادیں گے، شیخ رشید، ایک حلقے میں بھی دھاندلی ثابت ہوجائے تو اسمبلی میں بیٹھنا حرام ہے،شاہد خاقان عباسی کے ایل پی جی کے معاملے پر چیلنج کو قبول کرتا ہوں،نواز شریف کی حکومت مزدوروں کے لئے موت کا پیغام ہے،فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب

پیر 26 مئی 2014 06:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عید قرباں سے پہلے بڑی قربانی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی چوک کو تحریر اسکوائر بنادیں گے، ایک حلقے میں بھی دھاندلی ثابت ہوجائے تو اسمبلی میں بیٹھنا حرام ہے،شاہد خاقان عباسی کے ایل پی جی کے معاملے پر چیلنج کو قبول کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ میں انتخابی اصلاحات کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ جلسے میں آنے کا ارادہ نہیں تھا، رانا ثناء اللہ کی وجہ سے آیا۔.شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثنا ء اللہ نے تحریک انصاف کے جلسے کوناکام بنانے کیلئے میوزیکل پروگرام رکھا ، جو میراثی ہوتا ہے وہی نصیبو لال کو سمجھتا ہے، رانا ثناء سرکس کے باہر ہیجڑوں کو نچارہے ہیں، نواز شریف دہی بھلے، چاٹ بنانیوالے کو صدر بناتا ہے، لندن میں ہوٹل چلانیوالے کو اسٹیٹ بینک دیا جاتا ہے، نواز شریف کی حکومت مزدور کیلئے موت کا پیغام ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خاندانوں کی حکومت ہے، ایک حلقے میں بھی دھاندلی ثابت ہوجائے تو اسمبلی میں بیٹھنا حرام ہے۔وفاقی وزیر پٹرولئیم شاہد خاقان عباسی نے ایک نجی ٹی وی چینل پر ایل پی جی کے معاملے پر چیلنج دیا تھا۔

ان کا چیلنج قبول کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ لوگ اسحاق ڈار کو نہیں جانتے منشی کو جانتے ہیں،یہ پہلا وزیر خزانہ ہے جس نے اعتراف کیا ہے کہ وہ نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کرتار ہاہے ۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف کی حکومت مزدوروں کے لئے موت کا پیغام ہے۔ پاکستان کو بچانا ہے تو عمران خان کیساتھ سڑکوں پر آنا ہوگا، امید ہے قربانی کی عید سے پہلے قربانی ہوگی، اسلام آباد کے ڈی چوک کو تحریک اسکوائر بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نا بجلی ہے، ناگیس ہے اور نہ ہی عوام کے لئے روزگار کے مواقع، لوگوں سے ان کے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، ماضی کی کرپٹ حکومت نے 5 فیصد مہنگائی کی لیکن آج مہنگائی 9.2 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔