موروثی سیاست نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا جب تک میرٹ سسٹم بحال نہیں کیا جائے گاملک ترقی کی طرف گامزن نہیں ہو سکتا،عمران خان،الیکشن میں جو دو ووٹ ڈالے گا اسے جیل بھیج کر دم لیں گے،حمزہ شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ بنے ہوئے ہیں،مجھے تو اب پتہ چل رہا ہے کہ حکومت کی کیا مشکلات ہوتی ہیں، تین ماہ میں تبدیلی نظر آئے گی،نواز شریف نے 22 کروڑ روپے سے 2 بلٹ پروف جی ایم ڈبلیوز خریدی ہیں،تحریک انصاف کے چیئرمین کا مری ، ایبٹ آباد میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب

اتوار 25 مئی 2014 08:20

مری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں موروثی سیاست نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا جب تک میرٹ سسٹم بحال نہیں کیا جائے گا،ملک ترقی کی طرف گامزن نہیں ہو سکتا،الیکشن میں جو دو ووٹ ڈالے گا اسے جیل بھیج کر دم لیں گے،حمزہ شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ بنے ہوئے ہیں،مجھے تو اب پتہ چل رہا ہے کہ حکومت کی کیا مشکلات ہوتی ہیں، تین ماہ میں تبدیلی نظر آئے گی،نواز شریف نے 22 کروڑ روپے غریب عوام کے پیسے سے 2 بلٹ پروف جی ایم ڈبلیوز خریدی ہیں۔

ہفتہ کے روز مری میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتا اور اس وقت ملک میں شریف خاندان کا قبضہ ہے ۔انہوں نے مریم نواز کو 100 ارب کے فنڈز پر بٹھا دیا گیا جبکہ دوسری جانب حمزہ شہباز پنجاب کے وزیر اعلی بنے ہوئے ہیں اور پیپلز پارٹی میں18 سال کے بچے بلاول بھٹو کو بلاول بھٹو زرداری بنا کر پارٹی کا چیئرمین بنا دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں موروثی سیاست نے ملک اور قوم کا بیڑا غرق کر دیا ہے جب تک ملک میں میرٹ سسٹم نہیں لایا جائیگا۔ اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرے گا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں اور دونوں ایک سکے کے دو رخ ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے بیٹوں سلمان اور قاسم کو سیاست کے لئے تیار نہیں کررہے اور تحریک انصاف غریبوں کی جماعت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ2013 کے انتخابات میں ڈیڑھ کروڑ 45 ہزار ووٹ دیئے گئے یہ ووٹ نہیں پنکچر لگائے گئے ۔عمران نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 22 کروڑ روپے غریب عوام کے پیسے سے 2 بلٹ پروف جی ایم ڈبلیوز خریدی ہیں اور تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا حکومت کے فنڈز سے نہیں بلکہ تحریک انصاف کے فنڈز سے ہیلی کاپٹر خریدا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصافpk45 میں ڈگری کالجز میں تعمیر کرائے گی جس سے قوم کے مستقبل تعلیم کی روشنی سے منور ہوں گے۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی کیلئے برادری ازم کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا ، صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرا کر تمام اختیارات عوام کو سونپ دینگے ، اب خیبر پختونخواہ میں کوئی درخواست نہیں کٹنے دینگے ، سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے ۔ ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اللہ بھی اس قوم کی حالت نہیں بدلنا جو اپنی حالت کو خود نہ بدلے ۔

حکمرانوں کے گھر ، کاروبار اور بیرن ملک میں دوسرے لوگوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا کہہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کا وزیراعلیٰ اپنے وزراء کے ساتھ ایک گاڑی میں سفر کرتا ہے اور کوئی بڑی سکیورٹی اور پروٹوکول نہیں ہوتا جبکہ دوسری جانب عوام کا چالیس کروڑ روپے رائیونڈ کی سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑیوں پر خرچ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور سیاحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ان دونوں محکموں کی میں خود نگرانی کروں گا ۔ اس سال ہر تحصیل میں گراؤنڈ بنائینگے جبکہ اگلے سال ہر یونین کونسل کی سطح پر گراؤنڈ بنائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے درخت لگائینگے اور درخت کاٹنے پر پابندی ہوگی سیاحت کے شعبے میں بھی بہتری لائی جائے گی ۔