حکومت طالبان مذاکراتی عمل پر سوال اٹھادیئے،مولانافضل الرحمن،بیوروکریٹس کیسے مذاکرات کامیاب کراسکتے تھے ، بات چیت کیلئے کمزور میکنزم استعمال کیاگیا،زیرستان جھڑپیں حکومت کی ناکام حکمت عملی کا منہ بولتاثبوت ہے، بتایا جائے مذاکراتی کمیٹیاں کہاں گئیں ،پارلیمنٹ اور اتحادیوں کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا جارہا، عوام کو کیوں اندھیرے میں رکھا جارہاہے، کامیابی کیلئے ایک مضبوط میکنزم کی ضرورت ہے ، بیان

جمعہ 23 مئی 2014 07:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے حکومت طالبان مذاکراتی عمل پر سوال اٹھادیئے،بیوروکریٹس کیسے مذاکرات کامیاب کراسکتے تھے ، بات چیت کیلئے کمزور میکنزم استعمال کیاگیا، وزیرستان جھڑپیں حکومت کی ناکام حکمت عملی کا منہ بولتاثبوت ہے، بتایا جائے مذاکراتی کمیٹیاں کہاں گئیں ،پارلیمنٹ اور اتحادیوں کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا جارہا، عوام کو کیوں اندھیرے میں رکھا جارہاہے، کامیابی کیلئے ایک مضبوط میکنزم کی ضرورت ہے ۔

جمعرات کے روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان جان اچکزئی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق مولانافضل الرحمن نے کہاکہ حالیہ وزیرستان جھڑپیں حکومت کی ناکام حکمت عملی کا نتیجہ ہے اور ہمارا موقف بالکل واضح ہوگیا کہ جو حکمت عملی حکومت نے اپنائی ہے وہ کسی طور بھی درست نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت مذاکراتی عمل کے حوالے سے اپنی ناکام حکمت عملی کا اعتراف کرے۔

مولانافضل الرحمن نے کہاکہ مذاکراتی کمیٹیاں کہاں غائب ہوگئی ہیں اور حکومت کیوں خاموش ہے ملک انتہائی مشکل صورتحال سے دوچا ر ہے عوام بھی مضطرب ہیں انہوں نے کہاکہ مذاکرات انتہائی اہم معاملہ ہے مگر پارلیمنٹ کو کیوں اعتماد میں نہیں لیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اتحادیوں سے بھی امن وامان کے اس اہم معاملے پر مشاورت نہیں کی جارہی اور نہ ہی انہیں کوئی بریفنگ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بتائے کیا مذاکرات ختم ہوچکے ہیں عوام کو کیوں اندھیرے میں رکھا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بتایا جائے کہیں کسی نئے آپریشن کی تیاریاں تو نہیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے پہلے سے ہی جانتی تھی کہ جس طرح کا ایک کمزور میکنزم بنایاگیا تھا اور بیورو کریٹس کے ذریعے مذاکرات کا آغاز کیاگیا تھا وہ کسی طور پر بھی درست نہیں تھا بیوروکریٹس کیسے مذاکرات کامیاب کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے ایک میکنزم دیا تھا مگر حکومت نے اس سے اتفاق نہیں کیا اب ہم حکومت سے جواب مانگتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :