سپریم کورٹ کے احکامات پر سندھ پولیس کے او پی ایس افسران کو عہدوں سے ہٹادیا گیا ، ،ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات خان کے بھی فارغ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے،غلام قادر تھیبو نیا ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات

جمعہ 23 مئی 2014 07:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء )سپریم کورٹ کے احکامات پر سندھ پولیس کے او پی ایس افسران کو عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے ،ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات خان کے بھی فارغ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ،غلام قادر تھیبو کو نیا ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد او پی ایس افسران کو عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے ،تین روز قبل بھی سندھ حکومت کی جانب سے 177افسران کو عہدوں سے ہٹایا گیا تھا ۔

جمعرات کو سندھ پولیس کے 9او پی ایس افسران کو بھی ہٹانے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ،ہٹائے جانے والوں میں ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات خان بھی شامل ہیں ۔جس کے بعد کراچی کا نیا ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کو تعینات کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی صدارت میں دسمبر 2013میں ہونے والے ایک اجلاس میں شاہد حیات کو کراچی ایڈیشنل آئی جی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد کراچی میں امن و امان کی صورتحال کسی حد تک بہتر ہو گئی تھی ۔

شاہد حیات پر مختلف سیاسی جماعتوں اپنے کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کے حوالے سے بھی الزامات لگاتی رہی تھیں تاہم ان الزامات کے باوجود سندھ حکومت نے کراچی میں قیام امن کے لیے شاہد حیات کو عہدے پر برقرار رکھا تھا ۔