چارسال بعد قوم کو مضبوط ،توانا اور مستحکم پاکستان دیں گے،کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے،نواز شریف، ملکی ترقی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے، نئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں ،آج کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے مختلف ہے،بجلی بحران کے خاتمے کے لئے کئی منصوبے شروع کئے ،جلد بجلی کے بحران پر بھی قابو پالیا جائے گا۔ وزیر اعظم کا تھری جی اور فورجی کی لائسنس دینے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 23 مئی 2014 07:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے، نئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں ،آج کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے مختلف ہے۔4 سال بعد قوم کو مضبوط ،توانا اور مستحکم پاکستان دیں گے۔بجلی بحران کے خاتمے کے لئے کئی منصوبے شروع کئے ۔کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

اسلام آباد میں تھری اور فورجی کی لائسنس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج پاکستان بھی تھری جی اور فور جی اسپیکٹرم سے استفادہ کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے اورملک کو ترقی کے لئے نئی ٹیکنالوجی میں د اخل کردیا ہے ۔ہماری حکومت نے اپنے منشور میں ملک میں تھری اور فوری جی ٹیکنالوجی لانے کا وعدہ کیا تھا اور آج ہم نے اپنے منشور کے مطابق وعدہ پورا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ملکی ترقی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے ۔

نئی ٹیکنالوجی کے باعث ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں ۔پاکستان کی صورتحال دن بدن تبدیل ہورہی ہے چار سال بعد قوم کو ایک مضبوط توانا اور مستحکم پاکستان دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کے لائسنس کی نیلامی شفافیت کو عالمی برادری نے بھی سراہا۔نیلامی سے 90 کروڑ ڈالر کی آمدن ہوئی ۔

نیلامی سے 267 ارب ریونیو خزانے میں جمع ہوگی ۔امید ہے موبائل کمپنیاں بھی عوام کو اچھی سروس فراہم کریں گی ۔ترقی کی رفتاری کو تیز کرنے کے لئے برانڈ بینڈ کے دائرے کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے ۔ماضی میں ہماری حکومت میں فائبر آپٹک لائن بچھائی گئی تھی ۔ہماری حکومت مثبت پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو سہولتیں فراہم کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے معتبر ادارے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کررہے ہیں ۔

ہماری پالیسیوں سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور سرمایہ کار وں کا اعتماد بڑھا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے تباہ شدہ معیشت کو سہارا دینے کا آغاز کیا ہے ۔کوشش ہے کہ پائیدار ترقی کے فوائد ایک عام آدمی تک پہنچیں گے ۔جلد ہی کراچی لاہور موٹروے منصوبے پر آغاز ہو جائے گا ۔ گوادر میں 160 ارب رو پے کے منصوبے شروع کئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت ترقی کیلیے اہم منصوبے شروع کرنے ساتھ تمام ضروری اقدامات کررہی ہے ، جلد بجلی کے بحران پر بھی قابو پالیا جائے گا۔

۔ بجلی بحران کے خاتمے کے لئے نندی پور،گڈانی سمیت کئی منصو بوں پر کام جاری ہے ۔

31 مئی کو نندی پور پاور منصوبے کا افتتاح کروں گا۔ بجلی بحران کے خاتمے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی اور کرپشن جیسے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لے گی۔۔ حکومت نے ایک سال میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اور انہیں یقین ہے کہ آیندہ چار برسوں میں ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا۔ اس سے قبل اسلام آبا دمیں تھری جی اور فور جی لائسنس دینے کی تقریب ہوئی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کامیاب بولی دینے والی موبائل فون کمپنیوں کو لائسنس دئیے