پاکستان میں پہلی میٹرو ٹرین چلے گی، چین کے ساتھ تاریخ ساز معاہدہ طے پا گیا،وزیراعلیٰ شہباز شریف اور نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن چائنہ کے چیئرمین نے میٹرو ٹرین کے منصوبے پر دستخط کئے،شنگھائی تقریب میں پاکستان اور چین کے صدور بھی موجود تھے، 27.1کلو میٹر طویل ٹریک کا25.4 کلومیٹر حصہ معلق (ایلیویٹڈ) ہوگا،پاکستانی عوام کے لئے آج بہت بڑی خوشی کا دن ہے، میٹرو ٹرین کا منصوبہ ملک کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ،شہبارز شریف، میٹرو ٹرین منصوبہ آمد و رفت کے نظام میں انقلاب لائے گا، حکومت چین منصوبے کے لئے سرمایہ کاری فراہم کرے گی،پاکستانی قوم میٹروٹرین کے آغاز پر چینی قیادت کی شکر گزار ہے، وزیراعلیٰ کا چین کے صدر کی صدارت میں منعقد ہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 23 مئی 2014 07:42

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء)پاکستان میں پہلی میٹرو ٹرین چلانے کے منصوبے کے معاہدے کی تاریخی تقریب جمعرات کو شنگھائی میں منعقد ہوئی۔ حکومت پاکستان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف او رچین کی طرف سے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین) Mr. Xu-Shaoshi) ژو سوسائی نے میٹرو ٹرین چلانے کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کئے ۔

معاہدے پرچین کے صدر ژی جی پنگ (Mr. Xi Jiping)کی موجودگی میں دستخط کئے گئے- پاکستان کے صدر ممنون حسین بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ میٹرو ٹرین چلانے کے منصوبے کے معاہدے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے لئے آج بہت بڑی خوشی کا دن ہے۔ میٹرو ٹرین کا منصوبہ ملک کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور عوام کوجدید اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

میٹرو ٹرین منصوبہ آمد و رفت کے نظام میں انقلاب لائے گا۔ حکومت چین منصوبے کے لئے سرمایہ کاری فراہم کرے گی۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی ڈیزائننگ، کنسٹرکشن اور نگرانی چینی کمپنیاں کریں گی جبکہ پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولتیں مہیا کرنے کیلئے دوست ملکوں کے تعاون سے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ ہمارے عوامی خدمت کے ایجنڈے کا حصہ ہے جسے تیز رفتاری، شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا اور ہم اس وعدے کی تکمیل کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ جس طرح میٹروبس منصوبے کو لاہور کے بعد دوسرے شہروں تک بڑھایا جارہا ہے اسی طرح میٹروٹرین منصوبے کا دائرہ کار بھی دیگر بڑے شہروں تک بڑھایا جائے گا-

وزیراعلی نے کہا کہ آرام دہ سفر پر صرف امراء نہیں بلکہ عام آدمی کا بھی اتنا ہی حق ہے اور میٹروٹرین منصوبے کا آغاز ہماری حکومت کی عام آدمی کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کی سوچ کا حصہ ہے-محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ تمام منصوبے چین کی قیادت کی ذاتی دلچسپی کے بغیر ممکن نہیں تھے اور ان منصوبوں میں مدد فراہم کرنے پرہم چین کی قیادت کے شکرگزار ہیں- لاہور اور نج لائن میٹرو ٹرین کے آغاز میں روزانہ تقریبا اڑھائی لاکھ شہری سفر کریں گے اور2025 تک مسافروں کی تعداد بڑھ کر دوگنا یعنی پانچ لاکھ ہوجائے گی۔

میٹرو ٹرین کا روٹ ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ‘ چوبرجی‘ مال روڈ ‘لکشمی چوک‘ ریلوے سٹیشن ‘ گڑھی شاہو پل‘ جی ٹی روڈ‘ پاکستان منٹ ‘ڈیرہ گجراں تک ہوگا ۔ لاہور اورنج لائن ٹرین کا ٹریک 27.1کلو میٹر طویل ہوگا اور 25.4کلومیٹر ٹریک معلق (ایلیویٹڈ) ہوگا۔ منصوبے پر رواں برس میں کام کا آغاز ہوگا اور یہ 27 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

مجموعی طور پر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا تخمینہ 1.6 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ پیشتر ازیں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے چین کے صدر ژی جی پنگ کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے طاقت کے استعمال کے ساتھ ساتھ غربت کو ختم کرنا بھی ضروری ہے-ہم چین کے تعاون سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو تعلیم ، ترقی اور خوشحالی کے ہتھیاروں سے شکست دینا چاہتے ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میٹروٹرین کے آغاز پر چینی قیادت کی شکر گزار ہے۔

متعلقہ عنوان :