بھارت کو پاکستان سے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرنے میں کوئی شرمندگی نہیں ہونی چاہیے،پاکستانی ہائی کمشنر،آئندہ پانچ ماہ پاک ہند تعلقات میں انتہائی کٹھن ہوں گے،عبد الباسط کے صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 22 مئی 2014 07:43

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء)بھارت میں پاکستان ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا کوئی نعم البدل نہیں ۔نئی دہلی کو مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرنے میں کوئی شرمندگی نہیں ہونی چاہیے۔آئندہ پانچ ماہ میں پاک ہند تعلقات انتہائی کٹھن ہوں گے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق پریس کلب دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں نئے وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بننے والی حکومت کے ساتھ پاکستان مذاکرات کے لئے تیار ہے تاہم ان مذاکرات میں بھی مسئلہ کشمیر کو مذاکراتی میز سرفہرست رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کو ایڈریس کرنے میں کوئی شرمندگی نہیں ہے کیونکہ یہ زندہ حقیقت والے مسائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ایک اہم مسئلہ ہے اور حکومت ہند کو ا س معاملے پر پہل کرنا ہی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ہندو پاک قیادتوں کو مکمل طور پر مینڈیٹ ملا ہے اور عوام کی طرف سے انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی گئی ہے ۔