ججز تقرری پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس سردار رضا خان کو وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس تعینات کرنے اور سندھ ہائی کورٹ میں4 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دیدی،اسلام آباد ہائیکورٹ میں پانچ ججوں کی تقرری کے معاملہ پر جوڈیشل کمیشن 28مئی کو غور کریگا

جمعرات 22 مئی 2014 07:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء)پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری نے سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس سردار رضا خان کو وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس تعینات کرنے اور سندھ ہائی کورٹ میں4 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دے دی ہے ۔پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر رفیق رجوانہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہواجس میں کمیٹی کے تمام ارکان شریک ہوئے۔

اجلاس میں وفاقی شرعی عدالت کے لئے چیف جسٹس اور سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے معاملے پر غور کیا گیا ۔کمیٹی نے آئی بی، ایف بی آر اور دیگر اداروں کی جانب سے ججز کے حوالے سے ملنے والی رپورٹس کا جائزہ لیا جس کے بعد کمیٹی کے ممبران نے جسٹس سردار رضا خان کی وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے طور پرتعیناتی کی منظوری دیدی جبکہ کمیٹی نے عامر رضا نقوی سید سعید الدین ناصر ،منور اقبال کلہوڑو اور شہاب سرکی کی سندھ ہائی کورٹ میں بطور ایڈیشنل جج تقرری کی منظوری دیدی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کی سفارشات اب وزیراعظم نوازشریف کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت ممنون حسین ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے ، واضح رہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے عہدہ کیلئے اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس انور کاسی کا نام بھی زیرغور تھا تاہم ہائیکورٹ میں ججوں کی تعداد انتہائی کم ہونے کیو جہ سے ان کی تقرری نہیں کی گئی۔ دریں اثناء قابل اعتماد ذرائع کے مطابق ججز کی تعیناتی کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس 28مئی کو چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی صدارت میں ہوگا جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں تعیناتی کیلئے پانچ ججوں کے ناموں پر غور کیا جائے گا جن میں اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :