کراچی ، نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں رینجرز ہیڈ کواٹرز کے قریب دھماکہ 7 افراد زخمی، ایک کی حالت تشویش ناک ، دہشت گردوں کا نشانہ رینجرز کا اہم افسر تھا،ذرائع، حملہ میں ملوث دہشتگرد رینجرز سے مقابلہ میں ہلاک

جمعرات 22 مئی 2014 07:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء)کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں رینجرز ہیڈ کواٹرز کے قریب دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا نشانہ رینجرز کا اہم افسر تھا۔پولیس کے مطابق بدھ کی علی الصبح سچل رینجرز ہیڈکواٹرز کے قریب واقع بیکری کے باہر دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،جہاں ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈاکٹر سلمیٰ کے مطابق خاتون سمیت7زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ہیڈکواٹرز کے قریب واقع بیکری کے باہر ہوا۔ دھماکے سے قریبی دکانوں، عمارتوں اور موٹرسائیکل کو نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 5 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔

(جاری ہے)

دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

رینجرز اور پولیس اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا نشانہ رینجرز افسر تھے، تاہم رینجرز افسر حملے میں محفوظ رہے، جب کہ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع اس رینجرز ہیڈ کوارٹر کو گزشتہ 2 برسوں کے دوران 3 مرتبہ دہشتگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔

ادھر منگھوپیر میں رینجرز سے مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد ہلاک ہوگیا ۔رینجرز کے ترجمان کے مطابق یہ دہشت گرد نارتھ ناظم آبادمیں واقع رینجرز کے ہیڈ کواٹر میں صبح ہونے والے بم دھماکے میں ملوث تھا ۔جبکہ کے رینجرز ہیڈ کواٹر بم دھماکے کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت نارتھ ناظم آباد تھانے میں درج کر دیا گیا ہے ۔