پاکستان ہمسایہ ملکوں کیساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے ، صدر مملکت ، پاکستانی عوام انتہا پسند ی کیخلاف جنگ میں اقوام متحدہ کی حمایت کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ممنون حسین کی بان کی مون سے ملاقات

بدھ 21 مئی 2014 07:42

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء) صدر ممنون حسین نے علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیر خطے کے لوگوں کے باہمی مفاد کیلئے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر مملکت نے یہ بات منگل کے روز چین کے شہر شنگھائی میں سیکا سربراہ اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں کہی۔

ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان خطے کے لوگوں کے باہمی مفاد کیلئے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔صدر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے موجودہ حکومت کی مذاکراتی عمل سمیت متعدد کوششوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بالخصوص پاکستان کے کردارکے تناظر میں خطے کی صورتحال پر غور کیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کے عوام جمہوریت کے استحکام ' تعلیم کے فروغ ' سماجی و اقتصادی ترقی اور انتہا پسندی و عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں بان کی مون کی حمایت کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سیکرٹری جنرل نے امن کوششوں کیلئے پاکستان کے کردار پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ' بان کی مون نے صدر کو یقین دلایا کہ اقوام متحدہ سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کوششوں میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی معاونت جاری رکھے گا۔