کراچی میں موت کا رقص جاری،فائرنگ اور تشدد کے واقعات ،امام مسجد سمیت7 افراد قتل ،قتل ہونیوالوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل،24 گھنٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد16 ہوگئی،قتل کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں،ایڈیشنل پولیس چیف

بدھ 21 مئی 2014 07:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء)کراچی میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے،، فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں دو سگے بھائیوں اور مسجد کے پیش امام سمیت 7 افراد کو قتل کردیا گیا، 24گھنٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد 16ہوگئی ہے ،ایڈیشنل پولیس چیف کراچی نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے پیچھے سیاسی محرکات قرار دیا ہے ۔ پولیس کے مطابق قبل مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن بلاک ایل میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی ہوئے ، جنھیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے، مقتولین کی شناخت امان اللہ قادری اور امین اللہ قادری کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی ہارڈ وئیر کی دکان تھی اور وہ دکان بند کرکے گھر جارہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا ۔

(جاری ہے)

ترجمان سنی تحریک نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کا تعلق سنی تحریک سے تھا، سنی تحریک کے رہنما ثروت اعجاز قادری نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اورنگی ٹاوٴن ہی کے علاقے خیر آباد میں چھریوں کے وار سے ایک شخص ہلاک ہوا،مقتول کی شناخت قاری برکت کے نام سے ہوئی جو مقامی مسجد میں پیش امام تھا،پولیس کے مطابق مقتول کو سوتے میں چھریوں کے وار کرکے قتل کیا گیا ہے۔

گلبہار کے علاقے سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں،جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اورنگی ٹاوٴن نمبر 10 سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، جسے سولا سپتال منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔ادھر چاکیواڑہ تھانے کی حدود ٹانگہ اسٹینڈ کے قریب بہار کالونی میں فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، پولیس کے مطابق خاتون کی عمر 18 سے 22 سال کے درمیان ہے،،جس کی شناخت نہیں ہوسکی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں کراچی میں قتل کیے جانے والے افراد کی تعداد 16ہو گئی ہے ۔پیر کے روز بھی مختلف واقعات میں 9 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :