11مئی کے الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے،عمران خان،عوام کی حالت بدلنی ہے تو شفاف الیکشن ضروری ہیں،جب تک مجرم کو سزا نہیں ملے گی جرم کیسے ختم ہوگا،بھارت کے الیکشن میں40کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالے ،کسی نے دھاندلی کا الزام نہیں لگایا،پاکستان میں 1970ء کے الیکشن کے علاوہ تمام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے،11مئی کے الیکشن نے تو تمام ریکارڈ توڑے ،نارووال میں جلسہ سے خطاب

بدھ 21 مئی 2014 07:31

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء)تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کی حالت بدلنی ہے تو شفاف الیکشن ضروری ہیں،11مئی کے الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے،جب تک مجرم کو سزا نہیں ملے گی جرم کیسے ختم ہوگا۔نارووال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کیلئے الیکشن میں40کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالے،جیتنے والے کو ہارنے والے نے مبارکباد دی اور کسی نے دھاندلی کا الزام نہیں لگایا،پاکستان میں 1970ء کے الیکشن کے علاوہ تمام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے،11مئی کے الیکشن میں تو تمام ریکارڈ ہی ٹوٹ گئے،جیتنے والوں نے بھی دھاندلی کا واویلا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جب تک صاف شفاف الیکشن نہیں ہوں گے ملک میں مضبوط جمہوریت نہیں ہوسکتی اور نہ ہی ملک میں خوشحالی آئے گی اور مہنگائی ختم ہوگی۔

(جاری ہے)

دھاندلی کے ذریعے مصنوعی لیڈرشپ کو اوپر لے کر آئیں گے تو ملک ترقی نہیں کرے گا.

(ن) لیگ نے دھاندلی کے ووٹ حاصل کئے،دھاندلی والی حکومت لوگوں کی مدد نہیں کرسکتی،11مئی کے الیکشن میں دھاندلی،پنکچر لگانے والے کو کرکٹ بورڈ کا چےئرمین بنا دیاگیا،دھاندلی کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے،انصاف کی جنگ کرنے کا وقت آگیا ہے،تحریک انصاف انتخابات کا نظام درست کرنا چاہتی ہے،پاکستان کے انتخابی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بجلی کی قیمت5 سال میں دگنی کی،مسلم لیگ(ن) حکومت نے1سال میں دوگنی کردی،ہم نے کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی،خیبرپختونخوا میں کسی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج نہیں کی،انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان پیچھے رہ گیا ہے،انہوں نے کہا کہ صاف وشفاف الیکشن کے بغیر ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ25مئی کو سونامی فیصل آباد میں جائے گا،آئندہ الیکشن میں نوجوان نگرانی کریں ۔