وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کے موضوع پر اہم اجلاس،آرمی چیف نے دورہ افغانستان، وزیرداخلہ نے کراچی کی صورتحال پربریفنگ دی،کراچی کی روشنیاں واپس لانے کا عزم کر رکھا ہے، وزیراعظم

بدھ 21 مئی 2014 07:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء) وزیر ا عظم کے زیر صدارت اجلاس میں ملکی و قومی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا جبکہ ملک کی مجموعی صورت حال سمیت پاک افغان بارڈرکی صورتحال اور بھارت و افغانستان میں حالیہ انتخابات کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ملکی و قومی سلامتی کے بارے میں اعلی سطح کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا ۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،ڈی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام ، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم،ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز اور وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز شریک ہوئے ۔ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے کابل کے دورے سے وزیر اعظم سمیت اجلاس میں شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ آرمی چیف نے سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے پاک افغان تعاون سے بھی اجلاس میں بریفنگ دی اور افغان صدارتی انتخابات میں دوسرے مرحلے کی سکیورٹی پر بھی اجلاس میں بیٹھے شرکاء کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بھی کراچی اور بلوچستان سمیت ملک بھر کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی اور کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے بھی ا جلاس کو آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت نے کراچی کی روشنیاں واپس لانے کاعزم کررکھا ہے اور اس مقصد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔