وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر اورسستے نرخوں پرفراہمی کیلئے 5 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا ،رمضان پیکیج کے تحت 360رمضان بازار لگائے جائینگے،رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں عوام کو آٹے کا تھیلا سستے داموں دستیاب ہوگا،رمضان بازاروں میں 334فیئر پرائس شاپس قائم کی جائینگی ،اشیائے ضروریہ تھوک پر دستیاب ہوں گی، یوٹیلٹی سٹورز کے بھی سٹالز لگائے جائینگے ،صوبائی وزراء ،منتخب نمائندے ، سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈی سی اوز معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فرائض سر انجام دینگے،عوام کومفت سحری اور افطاری کی سہولت کیلئے 2ہزار مدنی دستر خوان لگائے جائیں،رمضان بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے،محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان پیکیج سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس، عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے تفصیلی جائزہ لیا گیا

پیر 19 مئی 2014 07:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مئی۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر اورسستے نرخوں پرفراہمی کے لئے پنجاب میں رمضان المبارک کے دوران5 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا ہے،رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں عوام کو آٹے کا تھیلا سستے داموں دستیاب ہوگا،پنجاب بھر میں مجموعی طو ر پر 360رمضان بازار لگائے جائیں گے ،صوبے کے تمام ماڈل بازار،سہولت بازار،جمعہ اور اتوار بازار بھی رمضان بازار میں تبدیل ہو جائیں گے ،رمضان بازاروں میں 334فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی جہاں اشیائے ضروریہ تھوک کے نرخوں پر دستیاب ہوں گی ،رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے بھی سٹالز لگائے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس امر کا اعلان اتوار کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران رمضان ا لمبارک میں عوام کو رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ کی وافراور سستے داموں فراہمی کے لئے رمضان پیکیج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور رمضان المبار ک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے5 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو رمضان المبار ک کے دوران معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر اورسستے داموں فراہمی کے لئے رمضان بازاروں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے گی اور صوبائی وزراء ،منتخب نمائندے ، سیکرٹریز ، کمشنرز اور ڈی سی اوز رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے معیار او ر وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے فرائض سر انجام دیں گے۔

رمضان پیکیج پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبائی وزراء ،منتخب نمائندے اور انتظامی مشینری باقاعدگی سے رمضان بازاروں کے دورے کرے گی جبکہ 9وزراء صوبے کے 9ڈویژن میں مقامی اراکین اسمبلی کے ساتھ مل کر مستقل طور پر فرائض سر انجام دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کابینہ کمیٹی صوبے کے دوردراز علاقوں کے دوروں کے لئے میرا جہاز اور ہیلی کاپٹر کابینہ کمیٹی استعمال کر سکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں سبزیوں ، پھلوں اور اشیائے ضروریہ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اوراس ضمن میں معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی کے لئے سیاسی و انتظامی مشینری فعال اور متحرک کردار ادا کرے گی تاکہ عوام کو رمضان پیکیج کے ثمرات بہم پہنچ سکیں۔رمضان بازاروں میں مرغی کا گوشت اور انڈے مارکیٹ کے مقابلے میں 15 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں سحری اور افطاری کے اوقات میں 2ہزار مدنی دستر خوان لگائے جائیں جہاں پر عوام کو سحری اور افطاری کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مدنی دستر خوان کا انتظام کرنے والے مخیرحضرات دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ پنجاب حکومت مدنی دسترخوانوں کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر کولڈ سٹوریج کا سروے کیا جائے اور وہاں سٹور کی جانے والی اشیاء کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں کولڈ اینڈ سٹوریج ایکٹ تیا ر کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ رمضان بازاروں میں گھی ، چینی، بیسن ، دال چنا ، کجھور اور دیگر اشیائے ضروریہ کی معیاری اور سستے داموں وافر مقدار میں فراہمی کے لئے کابینہ کمیٹی کا فعال کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں کابینہ کمیٹی موثر میکانز م مرتب کرے۔انہوں نے ہدایت کی کہ یوٹیلٹی سٹورز کے ساتھ باہمی کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کیا جائے تاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رمضان پیکیج سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہوسکیں اور انہیں ریلیف ملے۔

انہوں نے صوبائی وزیر محنت اور سیکرٹری محنت کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں ناپ تول کے نظام کو مکمل طو رپر درست ہونا چاہیے اور ناپ تول کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے آئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے لئے ڈینگی پروگرام کی طرز پرڈیجیٹل نظام وضع کیا جائے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بازاروں کی نگرانی کے حوالے سے اینٹی گرییٹڈ میکانزم مرتب کرنے کا جائزہ لیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں کے لئے تیار کئے جانے والے سستے آٹے کے تھیلے کا رنگ سبز جبکہ اوپن مارکیٹ میں دستیاب سستے آٹے کے تھیلوں کا رنگ اورنج ہو گا۔پنجاب میں تعمیر ہونے والے 13 نئے ماڈل بازاروں کو بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل فنکشنل کر کے رمضان بازاروں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزراء،رانا مشہود احمد،ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین،محمد شفیق،ایم این اے افضل کھوکھر ،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس،متعلقہ سیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی۔