سندھ حکومت کی کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کو موثر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار ،سیاسی جماعتوں کے پیرول پر رہا ہونے کے بعد بیرون ملک فرار کارکنوں کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی وفاقی حکومت سے درخواست ، امن و امان کی خاطر ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا‘ حکومت کی قومی اسمبلی میں یقین دہانی،لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کریں گے،قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب کا جواب

جمعہ 16 مئی 2014 07:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)سندھ حکومت نے کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کو موثر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی،سیاسی جماعتوں کے پیرول پر رہا ہونے کے بعد بیرون ملک فرار ہونے والے کارکنوں کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی وفاقی حکومت سے درخواست کر دی گئی ،متحدہ قومی موومنٹ،کالعدم امن کمیٹی اور دیگر جماعتوں کے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لئے انٹر پول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے جمعرات کو ایک خط وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی کی بدامنی میں مختلف سیاسی جماعتوں اور کالعدم تنظیموں کے لوگ ملوث ہیں اور کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائیوں کے باعث روپوش ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان میں ایسے ملزمان بھی شامل ہیں جو سزا یافتہ ہونے کے باوجود پیرول پر رہا ہوئے اور بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزمان دبئی ،جنوبی افریقہ ،سری لنکا،ملائیشیا،مسقط فرار ہوئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گردوں کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لئے سندھ حکومت کا خط وفاقی حکومت کو موصول ہوگیا ہے اور وفاقی حکومت جلد انٹرپول سے رابطہ کرے گی اور ان دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں گے اور انٹر پول سے استدعا کی جائے گی کہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے حکومت پاکستان کی مدد کی جائے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق مذکورہ فہرست میں متحدہ قومی موومنٹ اور کالعدم امن کمیٹی اور لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر کی تعداد زیادہ ہے۔ادھرقومی اسمبلی میں حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امن و امان کی خاطر ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا‘ لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کریں گے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ مریم اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ لیاری گینگ عزیر بلوچ اور بابا لاڈلا کے ریڈ وارنٹ کیلئے کا م کر رہے ہیں۔ ابھی تک عزیر بلوچ کے بارے میں ریفرنس آیا ہے تاکہ کراچی میں امن و امان قائم ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو بیرون ملک سے واپس لاکر مقدمات کا سامنا کرائیں گے اور عزیر بلوچ کے ریڈ وارنٹ جاری کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریفرنس سندھ حکومت کی جانب سے صرف عزیر بلوچ کے بارے میں آیا اس کی تصدیق کی جارہی ہے۔ جب تک سندھ حکومت وزارت داخلہ کو ریفرنس نہیں بھیجے گی ان کیخلاف ریڈ وارنٹ جاری نہیں ہوں گے۔