حکومت غیر ملکی کمپنیوں کو ملک میں معدنیات کی تلاش و پراسیسنگ کے ٹھیکے دینے کی بجائے وہی ٹھیکے مقامی کمپنیوں کو دے،قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کی ہدایت،کمیٹی نے ریکوڈک سینڈک اور ڈڈرکے کے منصوبوں پر ان کیمرہ اجلاس منعقد کرنے کی سفارش کردی ، وزارت صحت اور وزارت ماحولیات کو جعلی کیمیکل کے استعمال اور آبی آلودگی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی

جمعہ 16 مئی 2014 07:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل نے ہدایت کی ہے کہ حکومت غیر ملکی کمپنیوں کو ملک میں معدنیات کی تلاش و پراسیسنگ کے ٹھیکے دینے کی بجائے وہی ٹھیکے مقامی کمپنیوں کو دے کیونکہ مقامی کمپنیاں بھی اتنی ہی صلاحیت رکھتی ہیں اور کم لاگت پر اتنا ہی کام کرسکتی ہیں ۔ کمیٹی نے ریکوڈک سینڈک اور ڈڈرکے کے منصوبوں پر ان کیمرہ اجلاس منعقد کرنے کی سفارش کردی ۔

وزارت صحت اور وزارت ماحولیات کو جعلی کیمیکل کے استعمال اور آبی آلودگی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ۔ جمعرات کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کا اجلاس چیئرمین کمیٹی بلاول احمد ورک کی زیر صدارت او جی ڈی سی ایل ہاؤس میں منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سیکرٹری پٹرولیم و قدرتی وسائل عابد سعید نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ سینڈک ،ریکوڈک اور ڈڈر منصوبوں کے حوالے سے کافی چیزیں حساس ہیں جس پر کسی ان کیمرہ اجلاس میں تفصیلی بات چیت کی جاسکتی ہے کمیٹی نے ان منصوبوں پر ایک ان کیمرہ اجلاس منعقد کرنے اور اس حوالے سے بلوچستان کی صوبائی حکومت کے نمائندوں کو اجلاس میں طلب کرنے کی سفارش کردی ۔

جیولوجیکل سروے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اپنے دفاتر کے ساتھ ساتھ جیولوجیکل سروے کی اسلام آباد میں ایک جدید لیبارٹری کام کررہی ہے انہوں نے بتایا کہ چین ، جرمنی ، جاپان اورناروے کے ساتھ مختلف منصوبوں پر یادداشت مفاہمت موجود ہیں ۔ آزادی کے وقت جیولوجیکل سروے صرف پانچ قدرتی منرل جبکہ ابھی پچاس قدریت منرل پیدا کررہا ہے ملک میں سونے اور کاپر کے کافی ذخائر موجود ہیں ۔

ریکوڈک کے ذخائر ایک پی ایس ڈی منصوبہ کے تحت صرف 23ہزار روپے کی لاگت سے دریافت کئے گئے تھے انہوں نے بتایا کہ۔ سینڈک ، دشت کائین ، زیارت اور دیگر علاقوں میں کاپر اور دلبند کے علاقے میں لوہے کے کافی ذخائر موجود ہیں رواں سال راگنھی کے علایق میں قدرتی معدنیات کی تلاش کا عمل شروع کیا گیا ہے پنجاب میں تیس ہزار کلو میٹر کے رقبہ پر جیولوجیکل سروے آف پاکستان معدنیات کی تلاش کا کام کررہا ہے انہوں نے بتایا کہ 1998-99ء میں ہنگو میں کوئلہ کی تلاش کے لیے ایک منصوب کے تحت 11جگہ کھدائیاں کرنی تھیں تاہم پانچ جگہ کھدائی کے بعد وہاں کام کرنے والی ٹیموں پر حملوں کے بعد منصوبہ کو چھوڑ دیا گیا اور رقم حکومت پاکتان کو لوٹا دی گئی تاہم اب حکومت سے دوبارہ اس منصوبہ کو ازسرنو شروع کرنے کی درخواست کی گئی ہے اسلام آباد میں قائم جیولوجیکل ایڈوانس لیبارٹریز میں رواں برس سے پی ایچ ڈی کی کلاسز کا آغاز کیا جارہا ہے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے سے ہونے والی تباہی کے بعد آرمی چیف کی ہدایت پر جیولوجیکل سروے نے وہاں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برس سے ملک میں پھیپھڑوں کے کینسر میں اضاف ہوا ہے کیونکہ ٹالکم پاؤڈر بنانے والی کمپنیاں ٹالکم پوڈر کی تیاری میں استعمال ہونے والے عنصر ٹیپ کی نایابی کے کے باعث انسانی صحت کیلئے ایک مضر عنصر ایسبیسٹاس کا استعمال کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جیو لوجیکل سروے کے پاس فنڈز کی کمی ہے جس کے باعث پچاس برس قبل قائم کی جانے والی آئل ریگ ہی کام کررہی ہیں اگر حکومت فنڈز مہیا نہیں کرے گی تو نئی آئل ریگز کا قیام ممکن نہیں ہے اور موجودہ ابتر مالی صورتحال میں نئی ریگز کا قیام ناممکن ہے ۔

سیکرٹری وزارت عابد سعید کا کہنا تھا کہ وزارت اپنا ذیلی ادارہ ہونے کے باعث ہر برس جیولوجیکل سروے کے لیے فنڈز کی فراہمی کیلئے در خواست بھیجی جاتی ہے کمیٹی نے ہدایت کی کہ حکومت بیرونی کمپنیوں کو معدنیات کی تلاش کے لئے کنٹریکٹ دینے کی بجائے مقامی کمپنیوں کو کنٹریکٹ دے کیونکہ مقامی کمپنیاں وہی کام اتنی ہی صلاحیت سے بہتر انداز میں اور کم لاگت میں سرانجام دے سکتی ہیں ۔

کمیٹی نے یہ بھی ہدایت کی کہ وزارت قومی صحت اور وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی کو جعلی کیمیکل اور آبی آلودگی کے باعث پھیلنے والی بیماریوں کے ذمہ داروں کیخلاف عملی کارروائی کا آغاز کرنا چاہیے ۔ رکن کمیٹی اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ اگر صرف بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں گیس و معدنیات کے ذخائر دریافت کرلئے جائیں تو ایران سے گیس درآمد کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی ۔

رکن اسمبلی شہریار آفریدی نے کمیٹی کو بتایا کہ کوہاٹ اور خیبر پختونخواہ سے یومیہ اڑھائی کروڑ رویپ مالیت کا تیل چوری ہوتا ہے جس سے حکومتی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ۔ سیکرٹری عابد سعید نے شرکاء کو بتایا کہ کسی بھی منصوبہ میں عوام کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی عدم پھیلاؤ کی شرائط موجود ہوتی ہیں پاکستان منٹرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ ( پی ایم ڈی سی ) کے سربراہ محمد نعیم ملک نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ مختلف معدنیات پر کام کررہی ہے اور اس حوالے سے نجی شعبہ سے مقابلہ میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گرین گرینائیٹ کو خام حالت میں نکالا جا رہا ہے جبک کوشش ہے کہ اس کی پروسیسنگ کا عمل بھی جلد شروع کردیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت خام نمک کی پیداوار کی جارہی ہے اور ادارہ اس میں ویلیو ایڈڈ سروسز سے اس کا معیار بہتر بنارہا ہے پی ایم ڈی سی کی کوشش ہے کہ آئندہ چھ سے آٹھ ماہ میں پاکستان میں خام نمک کی پراسیسنگ کے حوالے سے ایشیا کے سب سے بہترین پلانٹ کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا جائے ادارہ پراس وقت کسی قسم کا کوئی قرض واجب الادا نہیں ہے تاہم ابھی ادارہ کی مالی صورتحال اتنی مضبوط نہیں ہوئی کہ وہ اپنے طور پر بڑے منصوبے مکمل کرسکے ادارے میں ملک بھر میں 29 معدنی دریافت کے منصوبے مکمل کئے ہیں تاہم بعض منصوبے بعد ازاں نجی فرموں کو دے دیئے گئے ہیں بلوچستان میں ابتر امن وامان کی صورتحال کے باعث کام کرنے میں کافی دشواریوں کا سامنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :