رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 3 سے 4 گھنٹے ہو گا۔سیف اللہ چٹھہ ،سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ مئی میں شہری علاقوں میں4 سے 5گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 7 سے 8 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو گی۔ سی این جی اورفر ٹیلائزرز کے حصے کی گیس پاور سیکٹر کو دے رہے ہیں ، فر ٹیلائزر کی کمی ہونے کی صورت میں برآمد کر کے ضرورت پو ری کی جائے گی ،سیکریٹری پانی و بجلی کی بریفنگ

جمعہ 16 مئی 2014 07:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)قو می اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی میں سیکریٹری پانی و بجلی سیف اللہ چٹھہ نے کہا کہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 3 سے 4 گھنٹے ہو گا۔سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ مئی میں شہری علاقوں میں4 سے 5گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 7 سے 8 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو گی۔ سی این جی اورفر ٹیلائزرز کے حصے کی گیس پاور سیکٹر کو دے رہے ہیں ، فر ٹیلائزر کی کمی ہونے کی صورت میں برآمد کر کے ضرورت پو ری کی جائے گی ۔

پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کا سید خورشید شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری پانی و بجلی سیف اللہ چٹھہ نے کہا کہ منگلا ڈیم کی اپ ریزنگ کے بعد پانی میں ساڑھے تین گنا اضافہ ہوا ہے،یکم جون کو پانی کی وہ پوزیشن ہوگی جو15 جولائی کو ہوتی ہے،یکم جون سے پانی سے 6 ہزار میگاواٹ بجلی حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مئی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ شہروں میں چار سے پانچ اور دیہی علاقوں میں 7 سے 8 گھنٹے ہوگا، جن فیڈرز پر زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے وہاں زیادہ لوڈ شیڈنگ ہوگی۔ کھاد کارخانوں اور سی این جی کو گیس روک کر پاور پلانٹس کو دی گئی ہے۔ پاور پلانٹس کو گرمیوں میں گیس فراہم کرتے رہیں گے،اس سال کھاد کی جو کمی ہوگی اسے درامد کرکے پورا کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ بنوں میں پسیکو والے عدم ادائیگی پر پولیس کے ہمراہ بجلی کاٹنیگئے، بنوں میں فائرنگ ہوئی جس پر ایک اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔