آسٹریلیا کی پاکستان میں شعبہ تعلیم بالخصوص ووکیشنل تعلیم کی بہتری کیلئے بھرپورتعاون کی پیشکش، پاکستان کی موجودہ حکومت کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ،یہاں معیارتعلیم اورشعبہ تعلیم میں بہتری لانے کے خواہاں ہیں،آسٹریلیا کے سیکرٹری تجارت وامورخارجہ کی اسحاق ڈار سے ملاقات

جمعہ 16 مئی 2014 07:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)آسٹریلیانے پاکستان میں شعبہ تعلیم باالخصوص ووکیشنل تعلیم کی بہتری کیلئے بھرپورتعاون کی پیشکش کی ہے ،یہ پیشکش گزشتہ روزآسٹریلیا کے سیکرٹری تجارت وامورخارجہ پیٹروارگیزنے وزارت خزانہ میں وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارسے ملاقات کے دوران کیا۔پیٹروارگیزکاکہناتھاکہ ان کاملک پاکستان کی موجودہ حکومت کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ،یہاں معیارتعلیم اورشعبہ تعلیم میں بہتری لانے کاخواہشمندہے ۔

انہوں نے پاکستان میں کم لاگت میں موٴثرترین تعلیمی وتربیتی ماڈل متعارف کرواناچاہتے ہیں ۔پیٹروارگیزکاکہناتھاکہ آسٹریلیاکے پاکستان کے ساتھ منفردتعلقات ہیں اوروہ کئی فورمزپرپاکستان کی امدادکررہاہے ۔آسٹریلوی تجارت وامورخارجہ کے سیکرٹری نے کہاکہ دونوں ممالک کے موجودہ تجارتی واقتصادی تعلقات کومزیدگہراکرنے کے خواہشمندہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرانہوں نے آسٹریلیاکے نجی شعبے کے تعلیم وتوانائی کے شعبوں میں موجودپوٹیشل پرروشنی ڈالی ۔

ان کاکہناتھاکہ پاکستان میں نئی حکومت نے ملک کی اقتصادی اصلاحات کے حوالے سے گراں قدراقدامات کئے ہیں اورموجودہ حکومت کی اقتصادی کارکردگی مستحسن ہے ۔آسٹریلوی سیکرٹری تجارت وخارجہ امورنے کہاکہ صاف کوئلہ کی ٹیکنالوجی کی تیاری میں آسٹریلیاخاصی مہارت رکھتاہے ،اوراس حوالے سے پاکستان کی معاونت کرسکتاہے ،دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مل کرکام کرسکتے ہیں ۔

اس موقع پرپیٹروارگیزنے اسحاق ڈارکومطلع کیاکہ آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کوآسٹریلیاکے دورہ کی دعوت دی ہے تاہم دورے کی تواریخ کااعلان دونوں وزرائے اعظم کی مصروفیت کے مطابق کیاجائیگا۔قبل ازیں وفاقی وزیرخزانہ کاکہناتھاکہ میکرواکنامک مینجمنٹ کفایت شعارانہ اقدامات ،بیرونی مالی امداداوراندرونی قرضوں سے نجات کے ذریعے حکومت نے کامیابی سے معیشت کی سمت درست کردی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ انہی اقدامات کی بدولت سرمایہ کاروں کاپاکستانی معیشت پراعتمادبحال ہواہے ،جس کانتیجہ یوروبانڈزکی کامیابی کی صورت میں نکلاہے اوراب ملک دوبارہ عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ کاروبارمیں واپس آگیاہے ۔سینیٹراسحاق ڈارکاکہناتھاکہ حکومت اپنے منشورکے مطابق اپنی توجہ تعلیم ،توانائی ،اقتصادیات کے فروغ اوردہشتگردی کے خاتمے پرمرکوزکئے ہوئے ہے اورحکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے میں بنیادی زورشفافیت کے عنصر،میرٹ اورگڈگورننس اچھے طرزحکمرانی پرہے ۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ بہتراقتصادی نظم ونسق اورمسلسل جاری اصلاحاتی ایجنڈاکے باعث ملک کی مضبوط اقتصادی بنیادرکھی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کواس کے صحیح پوٹینشل کے مطابق ترقی یافتہ بناناچاہتی ہے اوریہ آسٹریلوی کمپنیوں وسرمایہ کاروں کے لئے توانائی کے منصوبوں اورانفراسٹرکچرکی تعمیرمیں سرمایہ کاری کابہترین موقع ہے ۔