پاکستان اب دیوالیہ نہیں ہو گا، اسحاق ڈار نے قوم کو خوشخبری سنا دی

جمعہ 16 مئی 2014 07:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قوم کو نوید سنائی ہے کہ مہنگائی میں اضافے کی شرح پر قابو پا لیا ہے، پاکستان اب دیوالیہ نہیں ہو گا، اگلے سال بھی ڈالر ننانوے روپے سے اوپر نہیں جانے دیا جائے گا۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حکومت کی کامیابیاں گنواتے ہوئے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تیرہ ارب ڈالر ہو گئے ہیں جو جولائی میں پندرہ ارب ڈالر سے بھی بڑھ جائیں گے، ملکی درآمدات اعشاریہ آٹھ فیصد اضافے کے ساتھ تینتس ارب ڈالر رہیں۔

دس ماہ میں بجٹ خسارہ ایک ہزار تینتیس ارب رہا جو ہدف کے مطابق ہے۔ دس ماہ میں ترسیلات زر بارہ ارب نوے کروڑ ڈالر رہیں، نو ماہ میں چھ فیصد اضافے کے ساتھ برآمدات انیس ارب ڈالر رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی میں اضافے کی شرح پر قابو پا لیا ہے۔ تجارتی خسارہ میں چھ فیصد کمی ہوئی ہے، عالمی مالیاتی اداروں نے بھی تسلیم کیا ہے کہ پاکستانی معیشت ترقی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر اٹھانوے پر لانا کوئی نئی بات نہیں، اگلے سال بھی ڈالر ننانوے سے اوپر نہیں جانے دیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کراچی سٹاک ایکسچینج میں تینتالیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تھری جی ، فور جی لائسنس کی نیلامی سے ہدف کے مطابق آمدنی ہوئی۔ چار سال کے دوران نو لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایف بی آر نے ریونیو کی مد میں ایک ہزار سات سو پینتالیس ارب اکھٹے کیے ہیں۔ پرانا قرضہ دینے کیلئے نیا قرضہ لینا ضروری تھا، پاکستان اب دیوالیہ نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :