ترکی، کوئلے کی کان میں دھماکہ 200 کان کن ہلاک ، 75 سے زائد زخمی،سینکڑوں افراداب بھی اس کان میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکا لنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، کا ن میں دھماکا بجلی کی ترسیل کے نظام میں خرابی کے باعث ہوا ‘ حکام ، حکومت پاکستان کا ترکی سے اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم سوگ منانے کا اعلان، مشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام اور حکومت سے ساتھ کھڑے رہیں گے، صدر ، وزیر اعظم

جمعرات 15 مئی 2014 07:29

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مئی۔2014ء)ترکی میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے کے نتیجے میں 200سے زائد کان کن ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حادثہ مشرقی ترک صوبے مانیسا میں واقع کوئلے کی ایک کان میں پیش آیا۔ میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد کان میں آگ لگ گئی۔ مانیسا کے گورنر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 200 افراد ہلاک جبکہ 75 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اس وقت بھی سیکڑوں مزدور کان میں پھنسے ہوئے ہیں،جنہیں نکالنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب بھی سینکڑوں افراد زمین کے اندر اس کان میں پھنسے ہوئے ہیں اوران افراد کو بچانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ترکی میں کان کنوں کی یونین کے سربراہ نْوریتن آکْل نے کہا ہے کہ اس کان میں پھنسے ہوئے افراد کی تعداد دو سو سے تین سو کے درمیان ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کو بچانے کے لیے جاری سرگرمیوں میں وقت کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور ہر گزرے لمحے کے ساتھ ان افراد کے بچنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ منگل کے روز ترک صوبے منیسا کے علاقے سوما میں واقع اس کان میں پیش آنے والے اس حادثے کی ابتدائی وجہ بجلی کے نظام میں خرابی بتائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے آگ لگی۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے، تاہم اس کان میں شدید دھواں بھر چکا ہے۔

ادھر ترک وزیراعظم رجب طیب ایردگا ن نے اس حادثے کے بعد البانیہ کا اپنا مجوزہ دورہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔ وہ استنبول سے 230 کلومیٹر دور واقع متاثرہ علاقے سوما پہنچیں گے۔ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اس کان کی مالک کمپنی سوما ہولنڈگ کا پیغام نشر کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے کارکنوں کو بچانے کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ اس کمپنی کے مطابق کان کی سیفٹی کی جانچ دو ماہ قبل ہی کرائی گئی تھی۔

ادھرحکومت پاکستان نے ترکی میں کوئلہ کان حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ترک عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی کے لیے آج(جمعرات کو ) یوم سوگ بنانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں میں حکومت اور پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے الگ الگ پیغامات میں کوئلہ کان دھماکے میں 200سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع پر افسو س اور گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا ہم اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ اور تمام متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں پاکستان امدادی کوششوں میں ترکی کی ہرممکن مدد کرے گا۔