سینٹ کی داخلہ کمیٹی نے بلیو پاسپورٹ لینے والوں کی فہرست ایک ہفتے میں طلب کرلی ، پاسپورٹ کے غیر ضروری دفاتر کی بھی تفصیلات طلب ، ماضی میں گرل فرینڈز کو بھی بلیو پاسپورٹ جاری کئے گئے‘ قواعد کیخلاف جاری تمام پاسپورٹ منسوخ ہونے چاہئیں،پرویز رشید، الطاف حسین ملک میں واپس آتے ہیں یا نہیں پاسپورٹ ضرور جاری ہونا چاہئے، شاہی سید،گرل فرینڈز کا چہرہ اچھا ہو تو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے میں کوئی حرج نہیں، طاہر مشہدی، بدعنوانی کی بنیاد پر 23 ملازمین کو برطرف کیا گیا،قائم مقام ڈی جی پاسپورٹ

منگل 13 مئی 2014 06:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے بلیو پاسپورٹ لینے والوں کی فہرست ایک ہفتے میں طلب کرلی ہے جبکہ پاسپورٹ کے غیر ضروری دفاتر کی بھی تفصیلات طلب کی ہیں اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ماضی میں گرل فرینڈز کو بھی بلیو پاسپورٹ جاری کئے گئے‘ سیاسی بنیادوں پر پاسپورٹ دفاتر کھولے گئے‘ بلیو پاسپورٹ کے اجراء بارے پالیسی ہونی چاہئے‘ قواعد کیخلاف جاری تمام بلیو پاسپورٹ منسوخ ہونے چاہئیں جبکہ اے این پی کے راہنماء شاہی سید نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو پاسپورٹ کیوں جاری نہیں کیا گیا وہ ملک میں واپس آتے ہیں یا نہیں پاسپورٹ ضرور جاری ہونا چاہئے جبکہ طاہر مشہدی حسین کا کہنا تھا کہ اگر گرل فرینڈز کا چہرہ اچھا ہو تو انہیں بلیو پاسپورٹ جاری کرنے میں کوئی حرج نہیں، قائم مقام ڈی جی پاسپورٹ محمد صفدر کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوانی کی بنیاد پر 23 ملازمین کو برطرف کیا گیا۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین طلحہ محمود کی سربراہی میں پیر کے روز منعقد ہوا جس میں بلیو پاسپورٹ کے اجراء بارے معاملات پر غور کیا گیا۔ کمیٹی کو ڈی جی پاسپورٹ نے بتایا کہ ان کے پاس افرادی قوت انتہائی کم ہے اور یہ کمی اس وقت 25 فیصد ہے جبکہ الطاف حسین نے پاسپورٹ کے حصول کیلئے تاحال درخواست نہیں دی۔ اے ٹی ایم کے ذریعے پاسپورٹ کے اجراء کا کام زیر غور ہے۔

رواں سال چالیس لاکھ پاسپورٹ جاری کئے گئے۔ قائم مقام ڈی جی پاسپورٹ محمد صفدر کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوانی کی بنیاد پر 23 ملازمین کو برطرف کیا گیا۔ اس دوران وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ حالات یہ ہیں کہ گرل فرینڈز کو بھی پاسپورٹ جاری کئے گئے اس پر طاہر مشہدی نے کہا کہ اگر گرل فرینڈ کا چہرہ اچھا ہو تو اسے پاسپورٹ جاری کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں غیرضروری پاسپورٹ آفس کھولے گئے ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں قواعد کیخلاف جتنے بھی دفاتر ہیں انہیں بند ہونا چاہئے اس حوالے سے پالیسی ہونی چاہئے کہ کن لوگوں کو بلیو پاسپورٹ کا اجراء کیا جاسکتا ہے اور کن کو نہیں۔

دوران اجلاس شاہی سید نے قائم مقام ڈی جی پاسپورٹ سے پوچھا کہ کیا الطاف حسین کو پاسپورٹ جاری کردیا گیا ہے‘ وہ ملک میں آتے ہیں یا نہیں تاہم پاسپورٹ کا حصول ان کا حق ہے اس پر قائم مقام ڈی جی نے بتایا کہ الطاف حسین نے درخواست ہی نہیں دی درخواست آئے گی تو اس کا جائزہ لیا جائے گا اور قواعد کے مطابق پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا۔

سال بھر میں 40 لاکھ کے قریب پاسپورٹ جاری کئے گئے جبکہ اے ٹی ایم کے ذریعے پاسپورٹ کے اجراء بارے فیس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ بعدازاں کمیٹی نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ اب تک جتنے لوگوں نے بلیو پاسپورٹ حاصل کئے ہیں ان کی تفصیلات اور فہرست کمیٹی کو فراہم کی جائے۔ غیرقانونی طو پر قائم پاسپورٹ دفاتر کی تفصیلات بھی کمیٹی کو دی جائیں اور یہ سب کام ایک ہفتے میں مکمل کئے جائیں۔