قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ،توانائی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبو ل نہیں:شہبازشریف،عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانا ہمارا مشن ہے اوراس مقصد کے لئے دن رات ایک کررکھا ہے ،سولر منصوبے سے رواں برس دسمبر تک 100میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی،رواں ماہ کے آخر میں نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح کیا جائیگا،ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاورپراجیکٹس کا سنگ بنیاد رواں ماہ کے آخر میں رکھا جائے گا:وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب، شہباز شریف توانائی بحران کے حل کیلئے قابل قدر کاوشیں کر رہے ہیں، سولر پاور منصوبہ توانائی بحران کے حل میں بہت مددگار ثابت ہوگا:خواجہ آصف

منگل 13 مئی 2014 06:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ ،غربت اوربے روزگاری کے مسئلے پرقابو پانے کے لئے توانائی کے بحران کو جلد سے جلد حل کرنا نہایت ضروری ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے تیزر فتاری سے کام کررہی ہے ۔

عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانا ہمارا مشن ہے اوراس مقصد کے لئے دن رات ایک کررکھا ہے ۔غیر ملکی اورملکی توانائی کے کمپنیوں سے بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے طے پانے والے معاہدوں پر تیز رفتاری سے عملدر آمدکیا جارہاہے۔قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اورتوانائی منصوبوں میں کسی قسم کی بھی تاخیر قابل قبو ل نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

وہ یہاں توانائی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے خصوصی طورپر اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران نے زندگی کے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔تعلیم ہو یا صنعت ،زراعت ہویا صحت،تمام شعبوں کی کارکردگی پرتوانائی کی کمی کے مسئلے کے باعث منفی اثرات مرتب ہوئے ہے لیکن مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقتدار سبنھالتے ہی اس اہم مسئلے کے حل کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات اٹھائے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ تیز رفتارترقی کے لئے توانائی بحران پر جلد سے جلد قابو پانا بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیاد ت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران کے خاتمے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے لئے درست سمت میں تیز رفتاری سے کام کررہی ہے ۔ملک بھر میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کا آغاز کردیاگیا ہے اورہمیں مل کر عوام کو توانائی بحران سے نجات دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگاواٹ کے سولر منصوبے لگائے جائیں گے جبکہ100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ رواں برس دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

پاکستان میں سولرمنصوبے کا سنگ بنیادر رکھ کر پنجاب حکومت نے سبقت حاصل کی ہے جبکہ کوئلے سے بھی بجلی پیدا کرنے کے لئے چین کے تعاون سے متعدد منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔ ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے 660 میگاواٹ کے 2 پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد بھی رواں ماہ رکھا جائے گا،نندی پور پاور پراجیکٹ پر دن رات کام جاری ہے اور اس منصوبے کا افتتاح رواں ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گرڈ اور ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن کے کام کو توانائی منصوبوں کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ بجلی کی نیشنل گرڈ کو ترسیل میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہوسکے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے جامع میکانزم کے تحت کام کیا جائے اورمتعلقہ صوبائی اوروفاقی محکمے توانائی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کے لئے مربوط انداز میں کام کریں۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیرا علیٰ محمد شہباز شریف توانائی بحران کے حل کیلئے قابل قدر کاوشیں کر رہے ہیں۔ سولر پاور منصوبہ توانائی بحران کے حل میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔ وزارت پانی و بجلی کے تمام متعلقہ ادارے پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان، چیف سیکرٹری، قائم مقام چیئرمین نیپرا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، ایم ڈی پیپکو، ایم ڈی این ٹی ڈی سی، متعلقہ سیکرٹریز اور وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :