ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور بارشوں نے تباہی مچا دی،مکانات، دیواریں اور آسمانی بجلی گرنے سے 11افراد جاں بحق،35زخمی ہوگئے،بارش سے گندم کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا

منگل 13 مئی 2014 06:44

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مئی۔2014ء)ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی،مکانات، دیواریں اور آسمانی بجلی گرنے سے 11افراد جاں بحق،35زخمی ہوگئے،بارش سے گندم کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا،پنجاب کے مختلف شہروں لاہور،شیخوپورہ،گجرات،ملتان،سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز آندھی چلی،وہاڑی میں متعدد سائن بورڈ گرنے سے8افراد زخمی ہوگئے،فیصل آباد میں دیواریں گرنے اور سائن بورڈ گرنے کے واقعات میں 2خواتین سمیت4افراد جاں بحق اور19زخمی ہوگئے اور19زخمی ہوگئے،عارف والا میں آسمانی بجلی گرنے سے2افراد جاں بحق ہوگئے،کہوٹہ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد محمد شکیل اور محمد حفیظ جاں بحق ہوگئے،بھکر کے نواحی علاقہ 60-61TDAمیں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے زخمیوں کو 1122نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا تفصیلات کے مطابق بھکر کے نواحی علاقہ 60.61TDAنائیانوالہ میں طارق نامی کاشتکار نے گندم نکالنے کیلئے تھریشر لگائی ہوئی تھی کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے تھریشر پر کام کرنے والا 45سالہ محمد تاج نائی موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا ندیم محمد ،محمد اسلا م ولد سربلند اور خالد علی زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو1122کی ایمبولینس نے فوری پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی ۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا میں بھی شدید بارش ہوئی،کرک میں نالہ میں بہن اور بھائی ڈوب گئے،ٹانک میں بجلی کا ٹاور گر گیا جس سے پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا،آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت دیگر حصوں میں شدید بارش ہوئی جس سے سردی میں شدت آگئی،لوگوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کردئیے،لینڈ سلائیڈنگ سے کئی سڑکیں بند ہوگئیں،کراچی میں بھی بھوندا بھاندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی، مری میں کالی گھٹاؤں کیساتھ موسلادھاربارش سے موسم پھر سے سرد ہوگیاہے۔

سب سیزیادہ بارش مالم جبہ میں 37، راولپنڈی 19 اور اسلام آباد میں 20 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز کے دوران اسلام آباد ،خیبر پختونخوا، پنجاب، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ادھر گلگت بلتستان کے ضلع استور میں پہاڑوں پر برفباری اور بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا جس کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔پنجاب میں بارشوں سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

متعلقہ عنوان :