حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بننے والا ہے‘دھاندلی کے خلاف قوم نے فیصلہ سنا دیا ہے‘پرویز الہیٰ ، دھاندلی کے مرتکب لوگوں کو بے نقاب کرکے آئین کے مطابق سزا دی جائے گی‘ دھاندلی کے ماسٹر مائنڈ کو حکومت بے نقاب کرے‘ نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 12 مئی 2014 07:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف قوم نے فیصلہ دے دیا ہے دھاندلی کے ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کیا جائے۔ اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کے خلاف بڑا گرینڈ الائنس بننے والا ہے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک نے واصح کردیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے۔

(جاری ہے)

دھاندلی کے خلاف ابتدائی تحریک چلی ہے آئندہ دنوں میں بڑی احتجاجی تحریک کا آغاز ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت دھاندلی کے ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کرے اور آئین کے مطابق سزا دے دھاندلی کو بے نقاب نہ کیا گیا تو جمہوریت ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس قائم ہونے والا ہے اور حکومت کے پاس جعلی مینڈیٹ بھی ختم ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ پنجاب پر کئی سالوں سے حکمرانی کرنے والے خادم اعلیٰ نے قوم کو کچھ نہیں دیا۔ تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا ہوا ہے کہ عام انتخابات میں گنتی کے وقت امیدواروں کو باہر نکال کے مرضی کے رزلٹ بنائے گئے ہیں۔