اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں 38کروڑ ڈالرز 16مئی اورآئی ایم ایف سے 55کروڑ ڈالرز کی چوتھی قسط جون میں ملنے کی توقع

پیر 12 مئی 2014 07:35

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء) امریکہ سے اتحادی سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف ) کی مد میں 38کروڑ ڈالرز رواں ماہ 16مئی تک اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کے 6ارب 64کروڑ ڈالرز قرضے کے تحت چوتھی قسط کے 55کروڑ ڈالرز آئندہ ماہ جون میں ملنے کی توقع ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر مزید مستحکم ہوجائیں گے ۔وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوالیشن سپورٹ فنڈ( سی ایس ایف) کی مد میں امریکہ سے 38کروڑ ڈالرز آئندہ جمعہ تک ملنے کی توقع ہے ۔

اسی طرح آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ جون میں ہورہا ہے جس میں پاکستان کیلئے چوتھی قسط کی مد میں 55کروڑ ڈالرز جاری کرنے کیلئے منظوری دیئے جانے کا قوی امکان ہے کیوں کہ پاکستان نے رواں مالی سال 2013-14کی تیسری سہہ ماہی (جنوری ۔

(جاری ہے)

مارچ) کے تمام اقتصادی اہداف کامیابی سے حاصل کئے ہیں ، اس حوالے سے عالمی مالیاتی فنڈنے حالیہ دنوں پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر تیسری نظرثانی کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہفتہ کے روز عالمی مالیاتی فنڈ کے مشن چیف پاکستان جیفری فرینک نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بھی اقتصادی بحالی کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے اور ان پر بھر پوراعتماد کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر فی الوقت.9 12 امریکی ڈالرز( تقریبا 13 ارب امریکی ڈالرز ) کے برابر ہیں جن میں مزید بہتری کی مضبوط توقعات موجود ہیں، پاکستانی حکام کا ہدف ہے کہ دسمبر 2014 ء تک ان ملکی زر مبادلی کے ذخائر کو 15 ارب امریکی ڈالرز تک لایا جائے گا ، جس کے بعد پاکستان کو بہت سے معاملات میں اقتصادی رعایتں اور مرعات حاصل ہو سکیں گی۔