پشاور، فٹ بال اسٹیڈیم کی مسجد میں خودکش دھماکے سے5 افراد جاں بحق، 10 زخمی ،میر علی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ‘ 4 اہلکار زخمی،خیبرایجنسی میں کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے مرکز میں دھماکہ،3مبینہ عسکریت پسند ہلاک ، 2شدید زخمی

پیر 12 مئی 2014 07:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مئی۔2014ء)چارسدہ روڈ پر واقع پردہ باغ نامی تفریحی مقام سے متصل طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم کی مسجد میں خودکش دھماکے سے5 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات مطابق پشاور کے چارسدہ روڈ پر واقع پردہ باغ سے متصل طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم میں وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی رجسٹریشن کے دوران ایک حملہ آور داخل ہوا اور اس نے وہاں تعینات خاصہ دار فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جواب دیئے جانے پر حملہ آور مسجد میں داخل ہوا اور اس نے اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ خودکش حملہ آور کے اعضا سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ادھرخیبرایجنسی وادی تیراہ میں کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے مرکز میں دھماکہ،3افراد ہلاک جبکہ 2شدید زخمی ہوگئے۔پولٹیکل انتظامیہ ذرائع کے مطابق دھماکہ باڑہ تیراہ کے علاقہ غیبی نیکہ میں قائم کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے مرکز میں ہوا،ذرائع کے مطابق دھماکہ مرکز میں پہلے ہی سے موجود دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہوا،انتظامیہ ذرائع کے مطابق دھماکہ میں 3مشتبہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ 2شدید زخمی ہوئے،ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں ایک شخص کا تعلق لشکراسلام جبکہ دو کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا جاتا ہے،دھماکے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں چار جوان شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں کھجوری کے مقام پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس سے چار اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کیلئے مقامی ہسپتال پہنچادیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔